ابو عاصم اعظمی کا جلگاؤں دورہ: سلیمان کے اہل خانہ سے ملاقات، انصاف کیلئے صدائے احتجاج بلند
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 18, 2025
0
share
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) جامنیر میں ہجومی تشدد کے نتیجے میں سلیمان کے بہیمانہ قتل نے نہ صرف جلگاؤں بلکہ پورے مہاراشٹر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ہر طرف سے انصاف کی پکار بلند ہو رہی ہے اور سیاسی و سماجی رہنما متاثرہ خاندان کے زخموں پر مرہم رکھنے پہنچ رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں آج سماج وادی پارٹی مہاراشٹر کے صدر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے جلگاؤں کا دورہ کیا۔ اعظمی نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کر ڈھارس بندھائی اور اس دردناک واقعے پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا۔ محکمہ پولیس سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے قانونی کاروائی کرنے کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ "ایسے سانحات اقلیتوں میں خوف و ہراس پیدا کرتے ہیں، قانون کی بالادستی قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، انصاف سب کو ملنا چاہیے۔" انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر سخت کارروائی کا مطالبہ کریں گے۔ اس موقع پر مسلم و سماجی رہنماؤں نے ابو اعظمی سے ملاقات کی اور سلیمان کے قتل کی تفصیلات سے آگاہ کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ پولیس نے 9 ملزمان کو گرفتار کیا ہے لیکن کچھ اہم ملزمان اب بھی آزاد گھوم رہے ہیں، جس پر عوام میں شدید ناراضگی ہے۔ ملاقات میں سماج وادی پارٹی کے ریاستی سیکریٹری رئیس باغبان، ریحان جاگیردار، کانگریس کے جنرل سکریٹری، مفتی محمد ہارون ندوی، سینئر رہنما عبدالکریم سالار، سید ایاز علی، عبدالعزیز سالار، امجد پٹھان، جمیل شیخ اور دیگر موجود تھے۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال اور دیگر نمائندے بھی متاثرہ خاندان سے ملاقات کر چکے ہیں اور ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کو میمورنڈم دے کر سخت کارروائی کامطالبہ کیا جا چکا ہے۔ اس وقت جلگاؤں کی فضاؤں میں انصاف کی صدا گونج رہی ہے۔ سلیمان کے اہل خانہ انصاف کے منتظر ہیں اور عوامی دباؤ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ یہ معاملہ نہ صرف ایک خاندان کا دکھ ہے بلکہ پورے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا واقعہ بن گیا ہے۔