انجنگاؤں سورجی ،اردو میڈیم کے طالب علم کی تاریخی کامیابی ڈاکٹر دانش قریشی نے ایم۔ڈی (پیڈیاٹرکس) میں آل مہاراشٹر چوتھی رینک حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 15, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) انجنگاؤں سورجی شہر کے لیے یہ نہایت فخر و مسرت کا موقع ہے کہ اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹر محمد دانش محمد ادریس قریشی نے ایم۔ڈی (پیڈیاٹرکس) کے امتحان میں آل مہاراشٹر سطح پر چوتھی رینک حاصل کر کے ایک درخشاں مثال قائم کی ہے۔ اس شاندار کامیابی نے نہ صرف شہر بلکہ پورے خطے کا نام روشن کیا ہے۔
ڈاکٹر دانش قریشی معزز سماجی شخصیت الحاج منان سیٹھ قریشی اور مرحوم چودھری عبدالغفار سیٹھ کے خاندان کے چشم و چراغ ہیں۔ وہ انجنگاؤں سورجی کی تاریخ میں اردو میڈیم سے ایم۔بی۔بی۔ایس مکمل کرنے والے پہلے طالب علم ہونے کے ساتھ ساتھ ایم۔ڈی (پیڈیاٹرکس) بننے والے پہلے معالج بھی ہیں، جو ان کی انتھک محنت، لگن اور غیر معمولی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا تعلیمی سفر ابتدا ہی سے مثالی رہا۔ انہوں نے نگر پریشد پرائمری اسکول نمبر 5، انجنگاؤں سورجی سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، بعد ازاں این۔پی۔ اردو ہائی اسکول، انجنگاؤں سورجی سے ہائی اسکول اور سیفی جونیئر کالج، امراوتی سے جونیئر کالج کی تعلیم اردو میڈیم میں مکمل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے مرحلے میں انہوں نے لوک مانیا تلک گورنمنٹ میڈیکل کالج، ممبئی سے ایم۔بی۔بی۔ایس کی ڈگری حاصل کی، جبکہ ٹوپی والا نائر میڈیکل کالج، ممبئی سے ایم۔ڈی (پیڈیاٹرکس) کی تکمیل کی۔ قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ ڈاکٹر دانش قریشی اس وقت ڈی۔ایم (سپر اسپیشیلٹی) کی تیاری میں بھی مصروف ہیں، جو ان کے بلند عزائم اور طب کے میدان میں مزید اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کی کامیابی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ بھی محنت اور استقامت کے بل پر اعلیٰ ترین کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ شہر کے معززین، اساتذہ، سماجی رہنماؤں اور اہلِ علم نے ڈاکٹر دانش قریشی کی اس تاریخی کامیابی کو پورے انجنگاؤں سورجی کے لیے باعثِ افتخار قرار دیتے ہوئے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر دانش قریشی آج اردو میڈیم کے ہزاروں طلبہ کے لیے ایک روشن مثال اور قابلِ تقلید رول ماڈل بن کر ابھرے ہیں۔