کھام گاؤں ، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی جانب سے نئے اردو اساتذہ کا پُرتپاک استقبال
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 15, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی جانب سے کھام گاؤں پنچایت سمیتی میں حال ہی میں جوائن ہونے والے دو نئے اردو اساتذہ کا نہایت خلوص، محبت اور والہانہ انداز میں استقبال کیا گیا۔
نئے سال کے آغاز پر اردو تعلیم کے فروغ کے لیے اس پیش رفت کو ایک خوش آئند اور مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ضلع پریشد کے اساتذہ کے آن لائن تبادلے عمل میں آئے تھے، جس کے تحت بیشتر اساتذہ نے اپنی نئی جائے تقرری پر بروقت حاضری دے دی تھی، تاہم بلڈھانہ ضلع پریشد کے تحت بعض پنچایت سمیتیوں میں اساتذہ کو بروقت ریلیو نہ کیے جانے کے سبب جوائننگ میں تاخیر ہوئی تھی۔ نئے سال کے آغاز میں ان میں سے دو اردو اساتذہ کو کھام گاؤں پنچایت سمیتی میں ریلیو کیے جانے کے بعد تقرری عمل میں آئی۔ تفصیلات کے مطابق، شیگاؤں پنچایت سمیتی سے ریلیو ہوکر آنے والے عبدالصمد اللہ خان سر نے ضلع پریشد اردو مڈل اسکول گرلز، پیپل گاؤں راجہ میں اپنی خدمات کا آغاز کیا، جبکہ سنگرام پور پنچایت سمیتی سے تبادلہ ہوکر آنے والی رومانہ باجی نے ضلع پریشد اردو مڈل اسکول کنجہرہ میں جوائن کیا۔ ان اساتذہ کی کھام گاؤں پنچایت سمیتی میں جوائننگ کے موقع پر مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ذمہ داران نے ان کے مکانات پر پہنچ کر تہنیتی ملاقات کی، شال، ہار، گلپوشی اور مٹھائی پیش کرتے ہوئے پُرتپاک استقبال کیا اور دلی مبارکباد کے ساتھ مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ خصوصی طور پر رومانہ باجی کے تبادلے اور ان کے فرزند کے حافظِ قرآن ہونے کی سعادت پر ان کے شوہر سید اکبر (مدیر، شامنامہ ایکچ گھاو) کا بھی شال اور گلپوشی کے ذریعے استقبال کیا گیا، جس پر اہلِ خانہ نے تنظیم کے اس جذبۂ قدر دانی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ریاستی جوائنٹ سیکریٹری واثق نوید، علاقائی نائب صدر محمد فاروق، تعلقہ صدر محمود خان اور محمد صادق موجود تھے۔ اردو اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور اردو تعلیم کے استحکام کی سمت مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی یہ پہل ایک مثبت، قابلِ تحسین اور مثالی قدم قرار دی جا رہی ہے۔