کھام گاؤں ، وزڈم انٹرنیشنل اسکول کا تیسرا سالانہ اجتماع شاندار انداز میں منعقد
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 15, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) وزڈم انٹرنیشنل اسکول، کھام گاؤں کی جانب سے 10 جنوری 2026 بروز ہفتہ اسکول کے تیسری سالانہ تقریب کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر ننھے منے طلبہ نے اپنی صلاحیتوں، اعتماد اور ہمہ جہت تربیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔
تقریب میں طلبہ نے نعت، حمد، گیت، حرکاتی گیت، ڈرامے، مکالمے، دعائیں اور ترجمہ جیسے متنوع پروگرام پیش کیے، جو انگریزی، اردو ، عربی اور مراٹھی زبانوں میں تھے۔ ان پیشکشوں سے طلبہ کی تعلیمی، اخلاقی اور فکری تربیت کا واضح عکس نظر آیا۔
بڑی تعداد میں سرپرست، بالخصوص خواتین کی موجودگی نے پروگرام کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔
اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی نو منتخب رکن بلدیہ محترمہ حجن نسیم بانو الحاج کریم خان (وارڈ نمبر 02) نو منتخب رکن بلدیہ محمد عیسیٰ بھائی (وارڈ نمبر 02) نے شرکت کی۔ شوشل ورکر الحاج شہرت خان ، صحافی واثق نوید ، ایڈوکیٹ زیڈ بی شیخ ،عشرت انجم اور ڈاکٹر ثمینہ انصاری معزز طور پر موجود رہیں۔ معزز مہمانوں نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی کوششوں کی بھرپور تعریف کی۔ مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطابات میں کہا کہ وزڈم انٹرنیشنل اسکول شہر کا ایک معیاری اور باوقار تعلیمی ادارہ ہے، جہاں قابل اور تجربہ کار اساتذہ کی نگرانی میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے، جو طلبہ کی ہمہ گیر شخصیت سازی میں نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اسکول کی پرنسپل محترمہ نصرت میڈم، اعلی تعلیم یافتہ خاتون جو بنگلور سے تعلق رکھتی ہیں، اور ان کے شوہر اسداللہ خان، جو خود بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں، کی مسلسل محنت، لگن اور وژن کے باعث اسکول دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان کی قیادت میں ادارہ نہ صرف تعلیمی معیار بلکہ تربیتی اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں بھی نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔ یہ کامیاب پروگرام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وزڈم انٹرنیشنل اسکول مستقبل کے ذمہ دار، باصلاحیت اور بااخلاق شہری تیار کرنے میں سرگرمِ عمل ہے۔