پیپل گاؤں راجہ ، چھوٹے قصبے کا بڑا کارنامہ ڈاکٹر نوید احمد خان نے ایم۔ڈی (ریڈیالوجی) مکمل کر لی
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 23, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) پیپل گاؤں راجہ کے لیے یہ خبر نہایت مسرت اور فخر کا باعث ہے کہ قصبے کے ہونہار فرزند ڈاکٹر نوید احمد خان نے اپنی انتھک محنت، لگن اور علمی قابلیت کے بل بوتے پر ایم۔ڈی (ریڈیالوجی) کی ڈگری کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے، جس سے نہ صرف خاندان بلکہ پورے علاقے کا نام روشن ہوا ہے۔
ڈاکٹر نوید احمد خان نے اپنی ابتدائی تعلیم بوئیسر کے ایک اسکول سے حاصل کی، جہاں وہ اسکول ٹاپر رہے۔ بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج، اکولہ (GMC Akola) سے ایم۔بی۔بی۔ایس کی ڈگری حاصل کر کے طبی میدان میں قدم رکھا۔ اعلیٰ تعلیم کے سفر میں انہوں نے NEET PG امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چار ہزار سے کم رینک حاصل کی، جو ان کی غیر معمولی محنت اور قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس نمایاں رینک کی بنیاد پر انہیں میرٹ لسٹ کے مطابق ریڈیالوجی جیسے مشکل، اہم اور نہایت مقبول شعبے میں داخلہ ملا۔ ڈاکٹر نوید احمد خان نے پی۔ڈی۔ایم۔ایم۔سی میڈیکل کالج، امراوتی سے ایم۔ڈی (ریڈیالوجی) کی تعلیم کامیابی سے مکمل کر کے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر نوید احمد خان، جناب آصف خان کے صاحبزادے اور محترمہ شمیم اختر کے فرزند ہیں۔ ان کے دادا جان عرفان اللہ خان اور نانا جان عبداللطیف خان دونوں کا تعلق بھی پیپل گاؤں راجہ سے ہے، یوں یہ کامیابی پورے خاندان کے ساتھ ساتھ علاقے کے لیے بھی باعثِ اعزاز قرار دی جا رہی ہے۔ اس شاندار کامیابی پر اہلِ خانہ، رشتہ داروں، دوست احباب اور اہلِ علاقہ نے ڈاکٹر نوید احمد خان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل اور طبّی میدان میں مزید خدمات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ یقیناً ان کی یہ کامیابی نئی نسل کے لیے ایک روشن مثال اور مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔