مدرسہ عربیہ ارشاد العلوم میں سالانہ اجلاس کا کامیاب انعقاد علم کے بغیر کوئی بندۂ مومن دینی و ایمانی زندگی گزار نہیں سکتا۔ مفتی حامد ظفر صاحب ملی رحمانی ۔
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 30, 2026
0
share
جالنہ (پریس ریلیز) آج مؤرخہ9/شعبان المعظم سن ١٤٤٧ م ٢٩ جنوری سن ٢٠٢٦ بروز جمعرات مدرسہ عربیہ ارشاد العلوم مجرے باڑی جالنہ کے سالانہ اجلاس کا کامیاب انعقاد ہوا نیز اس موقع پر اسی ادارہ کے ماتحت خدمت انجام دینے والے ادارہ جامعۃ الصادقات کی ختم بخاری شریف کی تقریب بھی تھی ۔
اس بارونق و بامقصد اجلاس کی صدارت جامعہ معہد ملت کے مؤقر استاذ حضرت مولانا اشتیاق احمد صاحب ملی ندوی دامت برکاتہم نے فرمائی جبکہ بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس اور خصوصی خطاب حضرت مولانا مفتی حامد ظفر صاحب ملی رحمانی دامت برکاتہم العالیہ ناظم تعلیمات و استاذ تفسیر و حدیث جامعہ معہد ملت مالیگاؤں نے اپنے دِلنشیں انداز میں فرمایا۔
حضرت مفتی صاحب نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ صحیح علم کے بغیر کوئی بندۂ مومن دینی و ایمانی زندگی گزار نہیں سکتا ۔عبادات و معاملات اور معاشرت وغیرہ سب کے درست ہونے کے لئے علمِ صحیح کی ضرورت ہوتی ہے یہی۔ وجہ ہے کہ ہمارے دین وشریعت میں علم دین حاصل کرنے کی بہت ترغیب دی گئی ہے اللہ کا شکر ہے کہ حصولِ علم کے لئے جتنی سہولتیں آج کے دور میں حاصل ہے اتنی پہلے شاید ہی کبھی رہی ہو۔ نیز اس موقع پر حضرت مفتی صاحب نے شعبہ عالمیت سے فراغت حاصل کرنے والی طالبات، ان کے والدین ،معلمین و معلمات اور مدرسہ کی انتظامیہ کومبارک باد کے ساتھ ساتھ قیمتی نصیحتوں سے مستفید فرمایا اور مدرسے کے حسنِ انتظام اور نظامِ تعلیم پر خوشی کا اظہار فرمایا ۔ اجلاس کا آغاز مدرسہ ہذا کے طالب علم محمد ریحان نے تلاوتِ کلام پاک سے کیا بعدہ ارشاد العلوم کے طلبہ اور جامعۃ الصادقات کی طالبات نے دلچسپ تعلیمی مظاہرہ پیش کرکے حاضرین و حاضرات کے دلوں کو موہ لیا ۔ حاضرین نے طلبہ و طالبات کو کثیر انعامات سے نوازا بعدہ ناظم مدرسہ حضرت مولانا محمد حسن صاحب ملی ندوی نے مدرسہ کی سالانہ کار کردگی پیش کرتے ہوئے مدرسہ کی ضرورتوں کی طرف عوام و خواص کو توجہ دلائی اور آئندہ کے عزائم کا اظہار فرمایا۔ امسال مدرسہ عربیہ ارشاد العلوم سے ایک خوش نصیب طالب علم حافظ محمد حسان نے تکمیل حفظ کی سعادت حاصل کی۔ ١٢ طلبہ نے تکمیل دینیات کی اور جامعۃ الصادقات سے شعبۂ عالمیت سے ١٣ سعادت مند طالبات نے فراغت حاصل کی۔ اور ٣٤ نیک بخت طالبات نے مومنہ کورس کی تکمیل کی۔ اس موقع پر ان تمام ہی طلباء و طالبات کو مہمان علماء کرام کے ہاتھوں اسناد عطا کی گئی ، نیز عالمیت سے فراغت حاصل کرنے والی طالبات کو اسناد کے ساتھ خمارِ فضیلت و کتابوں اور دیگر اشیاء کی شکل میں انعامات سے نوازا گیا۔ اس مبارک موقع پر حضرت مولانا مختار احمد صاحب ملی ندوی مالیگاؤں، حضرت مولانا محمد یاسین صاحب ملی مالیگاؤں، حضرت مولانا نیاز احمد صاحب ملی مالیگاؤں، حضرت مولانا مفتی عبدالرزاق صاحب ملی پیٹھن، حضرت مولانا ساجد اختر صاحب ملی مالیگاؤں ،حضرت مولانا حبیب احمد صاحب کاشفی جالنہ اور دیگر علماء کرام نے شرکت فرما کر اجلاس کو زینت بخشی ۔ مجرے باڑی، ران مورتی، کالیگاؤں، پان سیندرہ اور گولی پوکھری کے علاوہ قرب و جوار کے دیہاتوں کے مرد و خواتین نے اتنی کثیر تعداد میں شرکت کی کہ مرد و خواتین کے دونوں ہی پنڈال اپنی وسعت کے باوجود تنگ دامنی کا شکوہ کرنے لگے، نظامت کے فرائض مدرسہ ہذا کے صدر مدرس مفتی محمد رمضان صاحب ملی ندوی نے انجام دیئے اورکلمات تشکر مولانا عبدالرشید صاحب اشاعتی نے ادا کئے اجلاس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے مدرسہ عربیہ ارشاد العلوم و جامعۃ الصادقات کے اسٹاف کے علاوہ نوجوانوں نے انتھک محنتیں کی اخیر میں حضرت مفتی صاحب کی رقت آمیز دعا پر اجلاس اختتام کو پہچا ۔