کھام گاؤں نگر پریشد میں بی جے پی کا مکمل غلبہ نائب صدر اور اعزازی اراکین کے انتخاب میں کامیابی
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 14, 2026
0
share
کھام گاؤں(واثق نوید) کھام گاؤں نگر پریشد کے حالیہ عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے واضح اکثریت حاصل کرتے ہوئے 35 میں سے 29 نشستوں پر کامیابی درج کی تھی، جبکہ صدر بلدیہ کے عہدے پر اپرنا ساگر فونڈکر نے 10 ہزار سے زائد ووٹوں کے بھاری فرق سے فتح حاصل کی تھی۔ اسی تناظر میں آج 13 جنوری کو نگر پریشد کا پہلا اجلاس صدر بلدیہ اپرنا ساگر فونڈکر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگر پریشد کے چیف آفیسر ڈاکٹر پریشانت شیڑکے خصوصی طور پر موجود تھے۔ اجلاس کے آغاز میں نائب صدر بلدیہ کے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا۔ اس انتخاب میں بی جے پی کی جانب سے سنتوش شیکھر پرہیت اور راشٹروادی کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) کی جانب سے تحسین شاہ نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے۔ ووٹنگ کے دوران سنتوش شیکھر پرہیت کو 30 ووٹ حاصل ہوئے، جبکہ تحسین شاہ کو صرف 6 ووٹ مل سکے۔ اس طرح 24 ووٹوں کی واضح اکثریت سے بی جے پی کی سنتوش شیکھر پرہیت نائب صدر بلدیہ منتخب قرار پائیں۔ بعد ازاں اعزازی نامزد اراکین بلدیہ کے انتخاب کا مرحلہ آیا۔ پارٹی اعداد و شمار کے مطابق بی جے پی کی جانب سے پرمود اگروال، ایڈوکیٹ رمیش بھٹڑ اور رام مشرا کو اعزازی رکن نامزد کیا گیا۔ چوتھے اعزازی رکن کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی عمل میں آئی، جس میں بی جے پی کی جانب سے منّا پروار کے نام کی ایک پرچی، جبکہ کانگریس اور راشٹروادی کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) کی جانب سے کیشور بھوسلے کے نام کی دو پرچیاں شامل تھیں۔ قرعہ اندازی میں منّا پروار کے نام کی پرچی نکلنے پر انہیں چوتھا اعزازی رکن قرار دیا گیا۔ اس طرح کھام گاؤں نگر پریشد میں نائب صدر بلدیہ کے عہدے سے لے کر تمام چاروں اعزازی اراکین بلدیہ تک بی جے پی نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے بلدیاتی سیاست میں اپنی مضبوط گرفت مزید مستحکم کرلی۔