دھاموری ، ضلع پریشد اردو اسکول کی فائزہ فاطمہ حاصل کیا ضلع بھر میں پہلا مقام
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 24, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)ضلع پریشد پری سیکنڈری اردو اسکول، دھاموری، پنچایت سمیتی بھاتکلی نے ایک بار پھر تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
اسکول کی جماعت سوم تا پنجم گروپ کی طالبہ فائزہ فاطمہ مشتاق علی نے قومی سطح پر منعقد ہونے والے ویر گاتھا پروجیکٹ 5.0 کے تحت ضلعی سطح کے مقابلے میں اول مقام حاصل کر کے اسکول اور علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ واضح رہے کہ ویر گاتھا پروجیکٹ کا آغاز سن 2021 میں محکمہ اسکولی تعلیم و خواندگی اور حکومت ہند کی وزارتِ دفاع کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کا مقصد طلبہ میں ملک کے بہادر سپاہیوں کی متاثر کن زندگیوں سے واقفیت اور شہری شعور کو فروغ دینا ہے۔
یہ مقابلہ ملک کی تمام 28 ریاستوں اور 8 مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جماعت سوم سے بارہویں تک کے تمام انتظامات کے اسکولوں کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔ تعلیمی سال 2025-26 میں ویر گاتھا 5.0 مقابلہ قومی سطح پر منعقد کیا گیا تھا۔ ضلعی سطح کے نتائج کے اعلان کے بعد جماعت سوم تا پنجم گروپ میں ضلع پریشد پری سیکنڈری اردو اسکول دھاموری کی طالبہ فائزہ فاطمہ مشتاق علی کو اول مقام حاصل ہونے کا اعزاز ملا۔ اس کامیابی میں اسکول کی کلاس ٹیچر ثمینہ شیخ انیس کی رہنمائی قابلِ ذکر رہی، جنہوں نے طلبہ کی مسلسل محنت کے بعد ویر گاتھا مقابلے کے لیے پانچ طلبہ کے اندراجات پورٹل پر اپ لوڈ کیے تھے، جن میں سے فائزہ فاطمہ نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ طالبہ فائزہ فاطمہ نے اپنی اس کامیابی کا سہرا گروپ ایجوکیشن آفیسر شری رامیشور جی مالوے، سینٹر ہیڈ شری رویندرا دھرم ٹھوک، پرنسپل محمد عارف الرحمن اور اسکول کے تمام اساتذہ کی رہنمائی و تعاون کو قرار دیا ہے۔ اس کامیابی پر تعلیمی حلقوں میں اسکول کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔