کھام گاؤں ، انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج کے 1975 بیچ کا شاندار گولڈن جوبلی اجتماع پچاس سالہ رفاقتوں کی یادیں ہوئیں تازہ، سابق طلبہ نے مادرِ علمی سے محبت کا حق ادا کردیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 23, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج کے سن 1975 کے سابق طلبہ نے اپنی نصف صدی پر محیط دوستیوں، یادگار لمحوں اور مادرِ علمی سے والہانہ وابستگی کو تازہ کرتے ہوئے ایک شاندار گولڈن جوبلی اجتماع منعقد کیا، جس میں مہاراشٹر کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے سابق طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب خوشگوار یادوں، جذباتی لمحات اور باہمی محبت و خلوص کی دلکش تصویر پیش کرتی رہی۔ ملک کے معروف صنعت کار اور ستار انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے سربراہ تاج الدین ہمدولے گزشتہ کئی برسوں سے اپنے ہم جماعت ساتھیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا حسین سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
امسال 1975 کے بیچ کو پچاس سال مکمل ہونے پر خصوصی گولڈن جوبلی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی میزبانی ستار انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ، ممبئی کی جانب سے نہایت شاندار اور یادگار انداز میں انجام دی گئی۔
تقریب کے دوران سابق طلبہ نے انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج کے امسال دسویں جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں میڈلز، اسکول بیگ، مٹھائیاں اور گلدستے پیش کیے۔
اس موقع پر 1975 کے بیچ کو تعلیم دینے والے اساتذۂ کرام کی خدمت میں عقیدت و احترام کے ساتھ تہنیت پیش کی گئی اور ان کا پرتپاک استقبال و اعزاز کرتے ہوئے حقِ شاگردی ادا کرنےکی خوبصورت روایت کو زندہ کیا گیا۔
پروگرام میں “محفلِ دوستاں” کا خصوصی انعقاد بھی کیا گیا، جہاں شرکاء نے اپنے دورِ طالب علمی کی حسین یادیں تازہ کیں اور ماضی کے دلچسپ واقعات بیان کرتے ہوئے ماحول کو خوشگوار بنادیا۔ تقریب کی نظامت کھام نگر پریشد کے سابق نائب صدر بلدیہ اور اسی بیچ کے رکن الحاج ابراہیم خان نے نہایت دلنشیں انداز میں انجام دی، جبکہ عارف بھیا نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔
اس یادگار اجتماع میں تقریباً 70 تا 80 سابق طلبہ شریک ہوئے، جو آج مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی مادرِ علمی کا نام روشن کررہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاج الدین ہمدولے نے دوستی اور رفاقت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زندگی کی اصل دولت مخلص اور پرانے دوست ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ علمی سے وابستہ یادیں انسان کو ہمیشہ اپنے ماضی سے جوڑے رکھتی ہیں اور ایسے اجتماعات نئی نسل کے لیے بھی ایک مثبت اور سبق آموز پیغام ثابت ہوتے ہیں۔ یہ باوقار تقریب انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج کھام گاؤں کے ہال میں منعقد ہوئی، جہاں حاضرین کی ضیافت و میزبانی کا نہایت عمدہ انتظام ستار انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے مقامی رفقاء عارف بھیا گھڑی والے، ابراہیم خان، عبدالمجید بابو صاحب، سید عبدالجبار اور انصار بھائی سمیت دیگر احباب نے بے حد محنت کی، جس کے باعث یہ تقریب ایک یادگار اور تاریخی اجتماع میں تبدیل ہوگئی۔ اس تیز رفتار اور مصروف دور میں قدیم دوستوں کا ایک ساتھ بیٹھ کر محبت و خلوص کے ساتھ وقت گزارنا یقیناً کسی نعمت سے کم نہیں۔ تاج الدین ہمدولے نے اپنے خلوصِ نیت اور بے مثال دوستی کے جذبے سے یہ ثابت کردیا کہ دنیا میں دوست تو بہت ہوتے ہیں، مگر دوستوں کو یاد رکھنے والا دوست لاکھوں میں ایک ہوتا ہے۔