فاروق سید اپنی صفاتِ حسنہ کے ساتھ ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد کیے جائیں گے "انجمن ترقی اردو ہند شاخ مالیگاؤں کی تعزیتی نشست میں شرکاء کے احساسات"
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 26, 2026
0
share
مالیگاؤں : فاروق سید نے اپنا تعارف صحافت اور ادبِ اطفال میں پیش کیا، بال بھارتی پونہ کی مجلسِ مشاورت اور ادارت سے اپنی تعلیم دوستی کا اظہار کیا_
اپنی محبت، انسان دوستی اور خلوص سے سماج اور معاشرے میں مقام حاصل کیا _
ہمیشہ دوسروں کی حوصلہ افزائی، پزیرائی اور تعارف کے لیے مجلسیں برپا کرنے والا شخص داغِ مفارقت دے کر چلا گیا اب اِس مخلص و محبتی انسان کی خلوص و محبت کی یادیں اور باتیں ہمارے ساتھ ہیں _ اِن احساسات کا اظہار انجمن ترقی اردو ہند شاخ مالیگاؤں کے جنرل سیکریٹری خیال انصاری ( مدیر ہفت روزہ بچوں کا اخبار خیر اندیش) کی تحریک پر منعقدہ مجلسِ تعزیت بنام فاروق سید گُل بوٹے میں مقررین نے کیا _
مجوزہ پروگرام کے مطابق 24 مئی اتوار کی شب دس بجے اے ٹی ٹی کیمپس میں واقع سینٹرل ہال ایچ بلڈنگ میں پروفیسر عبدالمجید صدیقی صاحب کی صدارت اور ڈاکٹر احمد ایوبی ( پرنسپل) کی نظامت میں مجلسِ تعزیت کا آغاز پروفیسر مبین نزیر کی قرآت سے ہوا _ رضوان ربانی نے مجلسِ تعزیت کے اغراض و مقاصد بیان فرمائے _ کنوینر خیال انصاری نے تعزیتی تجویز کی خواندگی کی حاضرین کی تائید سے اس تعزیتی تجویز کو مرحوم فاروق سید کے اہلِ خانہ تک پہنچانے کے لیے عمران امین (ممبئی) کے سُپرد کیا گیا _ تعزیتی کلمات اور احساسات و تاثرات کا سلسلہ سلیم رحمانی ( رحمانی پبلیکیشن /مدیر گُلشنِ اطفال) کی گفتگو سے ہوا _ آپ نے ماضی کی سرگرمیوں کے حوالے سے فاروق سید کے تعاون و حوصلہ افزائی کا تزکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی میدان میں ( بچوں کے رسالے) سرگرم عمل ہونے کے باوجود بھی فاروق سید نے ہمیشہ مخلصانہ مشورے دعائیں اور رہنمائی کی _ ارم و رحمانی اسکول کے ہیڈ ماسٹر قریشی مختار احمد نے گُل بوٹے ممبئی کی سلور جوبلی تقریبات اور اُس موقع پر شائع ہونے والی ادبِ اطفال کی پچیس اہم کتابوں کے حوالے سے فاروق سید کو یاد کیا اور جامعہ ملیہ دہلی میں ہونے والی داستان گوئی مجلس کی صدارت ملنے پر ان کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا _ مضمون نگار، کالم نویس ادیب و مدرس عمران جمیل نے مالیگاؤں اردو کتاب میلے کی پہلی ملاقات سے وقتاً فوقتاً مالیگاؤں اور ممبئی میں ہونے والی ادبی مجلسوں میں فاروق سید کی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کے محاسن کا تزکرہ کیا _ بال بھارتی پونہ شعبہءِ اردو کی مجلسِ ادارت کے صدر یاسین اعظمی نے بال بھارتی کی نشستوں اور ورکشاپ میں فاروق سید کی کارگزاریوں کے حوالے سے یاد کرتے ہوئے کہا کہ فاروق سید صاحب نے درسی کتاب کے مشمولات کے انتخاب میں بچوں کی پسند، دلچسپی اور نفسیات کو ہمیشہ مقدم رکھتے _ ورکشاپ میں نئے شرکاء کی حوصلہ افزائی، کسی خاص اچیومنٹ حاصل کرنے والے ٹیچر کی پزیرائی آپ کا خاصہ تھا _ بال بھارتی شعبہءِ اردو فارسی عربی کے اسپیشل آفیسر خان نوید الحق صاحب کی سبکدوشی کے موقع پر کی جانی والی الوداعی تقریب فاروق سید کے خلوص و محبت کا مظہر تھی _ عبدالحلیم صدیقی ( بیداری) نے فاروق سید کے صحافتی عزائم اور بے باکی پر روشنی ڈالی _ ادارہ نثری ادب کے نائب صدر ڈاکٹر اقبال برکی نے فاروق سید کی صحافتی و ادبی خدمات کو پیش کرتے ہوئے ادبِ اطفال میں کی جانے والی کوششوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گل بوٹے کے ذریعے اردو قاری پیدا کیے _ عمران امین ( ممبئی) نے ادبی مجلسوں کے حوالے سے فاروق سید کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ دوسروں کے لیے مجلس سجائی اور ہمیشہ مسکراتے ہوئے تعلیمی و ادبی کام کرنے والوں کی پزیرائی کی _ فری لانسر امتیاز خلیل ( صحافی) نے فاروق سید کی زندگی کے کئی اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فاروق سید اصولوں کے دھنی تھے _ اردو اکیڈمی کی رکنیت کے لیے لوگ کوششیں کرتے ہیں لیکن اس شخص نے زبان و ادب اور اصولوں پر آنچ آنے پر استعفیٰ دینے میں تکلف بھی نہیں کیا _ صحافیوں، ادیبوں اور شاعروں کی فلاح و بہبود کے لیے اس شخص نے ہمیشہ پہل کی _ دوسروں کی مدد کے لیے خود اہلِ ثروت افراد تک پہنچے تاکہ ضرورت مندوں کی مدد ہوسکے ایسے مخلص شخص کا جدا ہونا واقعی رنج و غم کا سبب ہے _ صدر مجلس پروفیسر عبدالمجید صدیقی صاحب نے گزشتہ رمضان و عید کے موقع پر ہاسپٹل میں خیال انصاری صاحب کی اہلیہ کی بیماری کے موقع کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ سحر و افطار کے بعد عین عید کی نماز کے بعد شیر خورمہ لے کر ہاسپٹل پہنچنا اور مریض کی تیمارداری کے ساتھ خیال انصاری صاحب کی دل جوئی اور ضیافت کا اہتمام فاروق سید کے خلوص و محبت کی مثال ہے _ دلی پروگرام کے دوران جس طرح سے بزرگوں کے آرام اور سہولت کا خیال کیا وہ مروت کا احساس ہے _ اُن کے رخصت ہونے پر اہلِ خانہ کے ہم سب بھی رنجور و مغموم ہیں _ یعقوب ایوبی ( خازن انجمن) نے دعائیہ کلمات کے ساتھ مغفرت کی دعا فرمائی اور تقریب کا اختتام عمل میں آیا _