ناگپور، تبلیغی جماعت کے قدیم داعی حضرت اسلم خان صاحب کا انتقال ودربھ و چھتیس گڑھ میں غم کی لہر
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 03, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) تبلیغی جماعت کے بزرگ، قدیم داعی اور ناگپور و چھتیس گڑھ کے امیر حضرت اسلم خان صاحب 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ إنا لله وإنا إليه راجعون مرحوم نے اپنی جوانی کے دور میں کالج کی پروفیسر کی ملازمت کو خیرباد کہہ کر اپنی پوری زندگی دعوت و تبلیغ کے مقدس کام کے لیے وقف کر دی تھی۔
انہیں تبلیغی جماعت کے مرکز سے راست تعلق حاصل تھا اور اکابرینِ تبلیغ کی صحبت و رہنمائی نصیب ہوئی، جس کے زیر اثر انہوں نے ودربھ اور چھتیس گڑھ کے علاقوں میں دین کی محنت کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
حضرت اسلم خان صاحب کے انتقال کو تبلیغی حلقوں میں ایک عظیم نقصان قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ودربھ اور چھتیس گڑھ میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ مغرب انجمن کالج کے گراؤنڈ، ناگپور میں ادا کی گئی، جس میں علماء کرام، اکابرین، اور ہزاروں کی تعداد میں عوام و مندوبین نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ مرحوم کے فرزند عبداللہ خان نے پڑھائی۔ اس موقع پر مرکز نظام الدین سے آئے ہوئے بزرگوں کی ایک جماعت نے بھی خصوصی شرکت کی، جس سے اجتماع کی اہمیت اور بڑھ گئی۔ بعد ازاں مرحوم کو مومن پورہ کے مسلم قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔ مرحوم کی وفات سے نہ صرف ناگپور بلکہ پورے ودربھ اور چھتیس گڑھ کے تبلیغی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہے اور اسے دعوت و تبلیغ کے میدان میں ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ (آمین)