ریلوے پولیس اہلکار کی مستعدی ، ماں اور بچے کی جان بچ گئی چلتی ٹرین سے اترتے وقت خاتون کا توازن بگڑ گیا مگر اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور وہاں موجود دیگر افراد فوراً مدد کو دوڑے
Author -
personحاجی شاھد انجم
اپریل 30, 2026
0
share
انقلاب کلیان( اعجاز عبدالغنی) کلیان ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پروٹیکشن فورس( آئی پی ایف) کے ایک جوان کی مستعدی اور بہادری کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ آپریشن جیون رکشا کے تحت ڈیوٹی پر تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے چلتی ٹرین سے اترتے وقت پھسلنے والی خاتون اور اس کے معصوم بچے کی جان بچائی۔
یہ سنسنی خیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون مسافر نے چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وہ اپنا توازن کھو بیٹھی تھی۔تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح ۵ بجکر ۵۱؍ منٹ پر کلیان ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ۵ پر داناپور۔ایل ٹی ٹی ایکسپریس داخل ہو رہی تھی۔ ابھی ٹرین کی رفتار تھمی نہیں تھی کہ۲۴؍سالہ انتیما شکلا نامی خاتون نے جو اپنے ایک سالہ بیٹے سروج کے ساتھ الہ آباد(پریاگ راج) سے ممبئی کا سفر کر رہی تھی، جلد بازی میں نیچے اترنے کی کوشش کی۔ اس دوران اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ بچے سمیت ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان خلا کی جانب گرنے لگی۔ وہاں ڈیوٹی پر موجود اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہیمنت بھرگوڈے نے جیسے ہی یہ منظر دیکھا انہوں نے بجلی کی سی تیزی دکھائی۔'آپریشن جیون رَکشا' کے تحت الرٹ ڈیوٹی انجام دینے والے ہیمنت نے اپنی جان کی پروا کئے بغیر فوری دوڑ لگائی اور خاتون کو اس وقت پیچھے کھینچ لیا جب وہ ٹرین کے پہیوں کی زد میں آنے ہی والی تھی ۔ یہ واقعہ اسٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگیا۔ ریلوے حکام اور مسافروں نے اے ایس آئی ہیمنت بھرگوڈے کی اس جرات مندانہ کارروائی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آر پی ایف انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کی اس مستعدی سے دو قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ گئیں۔