کھام گاؤں ، سڑک حادثے میں شدید زخمی شہباز خان کا دورانِ علاج انتقال تین روز تک موت و حیات کی کشمکش جاری رہی؛ بلیٹ سوار کے خلاف مقدمہ درج
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 07, 2026
0
share
کھام گاؤں، (واثق نوید) شہر کے بردے پلاٹ علاقے کے رہائشی شہباز خان بابا خان گزشتہ 4 اگست کو پیش آئے ایک افسوسناک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔ وہ تین روز تک اسپتال میں زیرِ علاج رہے، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔تفصیلات کے مطابق 4 اگست کو دوپہر تقریباً 2 بجے شہباز خان جگنو ٹی پوائنٹ کے قریب بالاجی پٹرول پمپ کے سامنے آٹو رکشہ کا انتظار کر رہے تھے۔ اسی دوران ایک تیز رفتار بلیٹ موٹر سائیکل نے ایک آٹو رکشہ کو زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر کی شدت سے آٹو بے قابو ہو کر شہباز خان سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ ان کے سر اور چہرے پر گہری چوٹیں آئیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں مسلسل تین روز تک علاج جاری رہا، لیکن ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا اور دورانِ علاج ان کا انتقال ہوگیا۔ اس واقعہ کے سلسلے میں شاہ رخ خان کی شکایت پر شیواجی نگر پولیس اسٹیشن میں بلیٹ موٹر سائیکل کے ڈرائیور کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 281، 125(اے) اور 125(بی) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔