ناگپور میں اردو کی ترویج کے لیے اہم پیش رفت،صدر مسلم لائبریری میں ماہنامہ "قرطاس" کا اجرا، اور نئی ادبی سرگرمیوں پر اتفاق "ریاست کی ہر فعال لائبریری کو اردو اکادمی کے تعاون سے مزید مضبوط بنایا جائے گا" ۔ سید حسین اختر
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 03, 2026
0
share
ناگپور : مہاراشٹر اردو اکادمی کے صدر جناب سید حسین اختر نے اپنے دورۂ ناگپور کے دوران شہر کی تاریخی اور ممتاز علمی و ادبی درسگاہ صدر مسلم لائبریری کا خیرسگالی دورہ کیا، جہاں لائبریری کے ذمہ داران، ادباء، دانشوروں اور اردو زبان سے وابستہ شخصیات نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر اردو زبان و ادب کے فروغ، مطالعہ کے رجحان کو مستحکم بنانے، قدیم علمی سرمایہ کے تحفظ اور نئی نسل کو لائبریری کلچر سے جوڑنے جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ناگپور سے شائع ہونے والے ممتاز ادبی و فکری ماہنامہ "قرطاس" کے تازہ شمارے کا اجرا بھی سید حسین اختر کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ "قرطاس" اردو ادب، تحقیق اور تنقید کے میدان میں اپنی منفرد خدمات کا سلسلہ مزید مضبوط انداز میں جاری رکھے گا۔ اپنے خطاب میں سید حسین اختر نے کہا کہ صدر مسلم لائبریری گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے ناگپور کی علمی، ادبی اور تہذیبی روایت کو زندہ رکھنے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر اردو اکادمی کی کوشش ہے کہ ریاست کی تمام فعال لائبریریوں کو مزید مستحکم کیا جائے، مطالعہ کے ذوق کو فروغ دیا جائے اور نوجوان نسل کو کتابوں سے وابستہ رکھنے کے لیے نئے منصوبے روبہ عمل لائے جائیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اردو اکادمی مستقبل میں بھی ادبی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ اس موقع پر ماہنامہ "قرطاس" کے ذمہ داران نے رسالے کی نئی مجلسِ ادارت اور مجلسِ مشاورت کا بھی تعارف کرایا۔ رسالے کے سرپرست ڈاکٹر محمد شرف الدین ساحل، ذوالقرائن صاحب، مدیر محمد الامین اور نائب مدیر مصطفیٰ منیر کے علاوہ مجلسِ مشاورت میں ڈاکٹر محمد اسداللہ، احسن امام احسن، محمد ایوب، ڈاکٹر اکبر الٰہ آبادی، احمد روی، رضا الرحمن صدیقی سمیت دیگر اہلِ قلم کی شمولیت کا اعلان کیا گیا، جس پر سید حسین اختر نے تمام ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس نئی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ لائبریری کے ذمہ داران نے مہاراشٹر اردو اکادمی کی جانب سے اردو زبان و ادب کی ترقی اور ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کیے جا رہے اقدامات کو سراہا اور مستقبل میں اکادمی کے اشتراک سے علمی، ادبی اور مطالعاتی پروگرام منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر اظہر حیات، شیخ عبدالواحد، ریاض الدین کامل، محمد اسداللہ، محمد فرحان امین اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ اردو حلقوں میں اس خیرسگالی ملاقات، ماہنامہ "قرطاس" کے اجرا اور اس کی نئی ادارتی و مشاورتی ٹیم کے اعلان کو اردو زبان و ادب کے فروغ، ادبی اداروں کے استحکام اور باہمی تعاون کی سمت ایک خوش آئند اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔