ممبئی، خان نویدالحق کو "سر سید ورلڈ اردو ایوارڈ برائے فروغِ تعلیم" سے نوازے جانے کا اعلان تعلیم اور اردو زبان کی بے لوث خدمات کا عالمی اعتراف
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 29, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)اردو زبان، تعلیم اور نصابی خدمات کے میدان میں طویل عرصے سے نمایاں کردار ادا کرنے والی ممتاز تعلیمی و سماجی شخصیت، بال بھارتی، پونے کے شعبۂ اردو کے افسر خان نویدالحق کو سال 2026 کے باوقار "سر سید ورلڈ اردو ایوارڈ برائے فروغِ تعلیم" کے لیے منتخب کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس خبر کے منظرِ عام پر آتے ہی ملک بھر کے اردو، تعلیمی اور ادبی حلقوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر اہلِ علم، اساتذہ، طلبہ اور ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ اعلان پروفیسر عبدالحق کی زیرِ صدارت منعقدہ "عالمی اردو دن آرگنائزنگ کمیٹی" کے اہم اجلاس میں کیا گیا، جہاں اردو زبان و ادب اور تعلیم کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کے لیے "عالمی اردو ایوارڈز 2026" کا فیصلہ کیا گیا۔
حسبِ روایت یہ باوقار اعزازات 9 نومبر کو، علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر منائے جانے والے عالمی اردو دن کی تقریب میں پیش کیے جائیں گے۔
کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سید احمد خان نے میڈیا کو بتایا کہ امسال مختلف زمروں میں اُن شخصیات کا انتخاب کیا گیا ہے جنہوں نے اپنی زندگی اردو زبان، ادب، تحقیق، صحافت اور تعلیم کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ اسی سلسلے میں خان نویدالحق کو فروغِ تعلیم اور اردو زبان کی مؤثر خدمات کے اعتراف میں "سر سید ورلڈ اردو ایوارڈ برائے فروغِ تعلیم" کے لیے منتخب کیا گیا۔ خان نویدالحق کا شمار مہاراشٹر کی ان ممتاز علمی و تعلیمی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے نصابی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور اردو زبان کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ بال بھارتی، پونے میں ان کی سربراہی اور نگرانی میں تیار ہونے والی اردو نصابی کتب نہ صرف ریاست مہاراشٹر بلکہ ملک بھر میں اپنے معیار، افادیت اور علمی وقار کے باعث منفرد شناخت رکھتی ہیں۔ ان کی تعلیمی بصیرت اور انتظامی صلاحیتوں نے اردو نصاب کو نئی جہت عطا کی ہے، جس سے ہزاروں طلبہ اور اساتذہ مستفید ہو رہے ہیں۔ ادبی و تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ خان نویدالحق کو یہ عالمی اعزاز دراصل ان کی برسوں پر محیط خاموش مگر مؤثر خدمات کا اعتراف ہے، جو نئی نسل میں اردو زبان سے محبت، معیاری تعلیم اور علمی شعور پیدا کرنے کے لیے مسلسل سرگرم عمل رہے ہیں۔ واضح رہے کہ عالمی اردو دن منانے کی روایت کا آغاز 1997ء میں نئی دہلی میں اردو ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور یونائیٹڈ مسلمز آف انڈیا کے اشتراک سے ہوا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ روایت ایک عالمی تحریک کی صورت اختیار کر گئی، اور آج دنیا کے مختلف ممالک میں نہایت احترام اور شایانِ شان انداز میں منائی جاتی ہے۔ خان نویدالحق کی اس شاندار کامیابی پر مہاراشٹر سمیت ملک بھر کے تعلیمی، ادبی اور سماجی حلقوں نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے اردو زبان، معیاری تعلیم اور نصابی خدمات کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ قرار دیا ہے۔