امراوتی ، شیخ حاتم نے سب کو کردیا حیران، ایک ہی سال، چار قومی امتحانات، بے مثال کامیابی، کھام گاؤں (واثق نوید)
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 23, 2026
0
share
امراوتی کے ہونہار طالب علم شیخ حاتم شیخ ابراہیم نے ایک ہی تعلیمی سال میں ملک کے چار انتہائی مسابقتی امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرکے اپنی غیر معمولی ذہانت، محنت اور مستقل مزاجی کا ثبوت دیا ہے۔ ان کی اس تاریخی کامیابی نے نہ صرف امراوتی بلکہ پورے ودربھ کا نام روشن کردیا ہے اور تعلیمی حلقوں میں انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ شیخ حاتم نے نیٹ (NEET-2026) میں 720 میں سے 660 نمبر حاصل کرتے ہوئے آل انڈیا رینک 908 اپنے نام کی۔ جے ای ای مین میں 98.96 پرسنٹائل، جے ای ای ایڈوانسڈ میں آل انڈیا رینک 4378 حاصل کرنے کے ساتھ انہیں ملک کے ممتاز ادارے آئی آئی ٹی بمبئی میں داخلہ بھی مختص ہوا۔ اسی طرح آئی آئی ایس ای آر کے امتحان میں آل انڈیا رینک 30 حاصل کرکے انہوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا ایک اور ثبوت پیش کیا۔ مزید برآں ایم ایچ ٹی-سی ای ٹی (PCB) میں 99.99 پرسنٹائل اور (PCM) میں 99.81 پرسنٹائل حاصل کرنا بھی ان کے شاندار تعلیمی سفر کا اہم سنگ میل ہے، جبکہ بارہویں جماعت میں انہوں نے 97.4 فیصد نمبر حاصل کیے۔ شیخ حاتم کے والد انجینئر شیخ ابراہیم قطر میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ والدہ ایک گھریلو خاتون ہیں۔ دونوں والدین نے اپنے فرزند کی بہترین تعلیم و تربیت، اعلیٰ اخلاق اور تعلیمی ماحول کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا، جس کا ثمر آج اس غیر معمولی کامیابی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ فی الحال ان کا خاندان توکل لے آؤٹ، جونی بستی، بدنیرہ، امراوتی میں مقیم ہے۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ شیخ حاتم کی کامیابی صرف انفرادی اعزاز نہیں بلکہ نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ اگر منزل واضح ہو، محنت مسلسل ہو اور والدین و اساتذہ کی رہنمائی حاصل رہے تو بڑے سے بڑا خواب بھی حقیقت بن سکتا ہے۔ شیخ حاتم کی اس قابلِ فخر کامیابی پر شہر کے تعلیمی، سماجی اور عوامی حلقوں نے انہیں اور ان کے والدین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔