بالاپور,جمہوری اقدار کی عملی تربیت, علی پبلک اسکول میں اسکول ہیڈ الیکشن کامیابی سے منعقد اسماء ہیڈ گرل، عبدالہادی ہیڈ بوائے منتخب؛ حلف برداری تقریب میں نو منتخب طلبہ رہنماؤں نے ذمہ داریاں سنبھالیں
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 25, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) علی پبلک اسکول، بالاپور میں تعلیمی سال 2026-27 کے لیے اسکول ہیڈ الیکشن جمہوری انداز میں کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔
ایک ہفتے تک جاری رہنے والی انتخابی مہم کے بعد ہفتہ، 25 جولائی 2026 کو طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ بیلٹ پیپر کے ذریعے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔
اس انتخابی عمل کا مقصد طلبہ میں جمہوری شعور، قیادت، ذمہ داری اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔
انتخابی مہم کے دوران امیدواروں نے مختلف جماعتوں کے طلبہ کے سامنے اپنی تقاریر، منصوبے اور اسکول کی بہتری سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر طلبہ کو ووٹنگ کے طریقۂ کار، امیدواروں کی ذمہ داریوں اور جمہوریت میں ووٹ کی اہمیت سے بھی روشناس کرایا گیا، جس سے پورے ہفتے اسکول میں مثبت مقابلہ آرائی اور تعلیمی سرگرمیوں کا خوشگوار ماحول برقرار رہا۔
مقررہ دن جماعت اول تا ششم کے طلبہ و طالبات نے مکمل نظم و ضبط کے ساتھ ووٹنگ میں حصہ لیا۔
انتخابی عمل کی ایک نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ طلبہ کے ساتھ اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کے اراکین نے بھی اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ بعد ازاں شفاف انداز میں ووٹوں کی گنتی کی گئی اور نتائج کا اعلان کیا گیا۔
نتائج کے مطابق اسماء ثمین محمد فہیم ہیڈ گرل اور عبدالہادی عبدالخلیل ہیڈ بوائے منتخب ہوئے۔
طالبات کے شعبے میں انابیہ نعمان انصاری کو لینگویج منسٹر اور عفیرا فرازین محمد مزمل کو ڈسپلن منسٹر منتخب کیا گیا، جبکہ طلبہ کے شعبے میں محمد معارج محمد مزمل لینگویج منسٹر اور عمر اکمل غلام دستگیر ڈسپلن منسٹر منتخب ہوئے۔ انتخابی نتائج کے بعد منعقدہ حلف برداری تقریب میں نو منتخب طلبہ رہنماؤں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھاتے ہوئے ایمانداری، نظم و ضبط، ذمہ داری اور لگن کے ساتھ اپنی خدمات انجام دینے کا عزم کیا۔
انہوں نے اسکول کے مفاد، ساتھی طلبہ کی رہنمائی اور مثبت تعلیمی ماحول کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا بھی یقین دلایا۔
اس موقع پر اسکول مینجمنٹ کے رکن ڈاکٹر زبیر ندیم، توصیف الرحمن، عنبر کاظم، نورین حبا اور پرنسپل رضوانہ پروین موجود تھے۔ معززین نے نو منتخب طلبہ رہنماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل اور کامیاب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اسکول کے سیکریٹری ڈاکٹر زبیر ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسکول ہیڈ الیکشن کا مقصد صرف نمائندوں کا انتخاب نہیں بلکہ طلبہ میں جمہوری اقدار، قیادت، خود اعتمادی، ابلاغی صلاحیت، ٹیم ورک اور منصفانہ فیصلے کرنے کی عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کی نظامت حنا فردوس نے انجام دی جبکہ تحریم فاطمہ نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ پروگرام کی کامیابی میں ثقافتی کمیٹی کی انچارج عفیفہ یاسمین کے ساتھ شہباز پٹھان، محمد ندیم، تحریم فاطمہ، مدیحہ سمرین اور نازیہ پروین کی خدمات قابلِ ستائش رہیں۔
علی پبلک اسکول، بالاپور میں منعقدہ یہ انتخابی عمل طلبہ کے لیے ایک منفرد تعلیمی اور عملی تجربہ ثابت ہوا، جس نے نہ صرف جمہوریت کی روح کو اجاگر کیا بلکہ طلبہ میں قائدانہ صلاحیتوں اور ذمہ داری کے احساس کو بھی مضبوط کیا۔