نانا کی تدفین سے قبل امتحان گاہ کا رخ، محمد ذبیان خان نے صبر و استقامت کی قائم کی نئی مثال غم کی کیفیت میں بھی حوصلہ نہ ہارا ، 579 نمبرات حاصل کرکے مرحوم نانا کو پیش کیا بہترین خراجِ عقیدت۔ کھام گاؤں (واثق نوید)
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 20, 2026
0
share
بعض کامیابیاں صرف نمبرات کی نہیں ہوتیں بلکہ صبر، حوصلے اور عزم کی داستان بھی بن جاتی ہیں۔ ایسی ہی ایک متاثر کن مثال امراوتی کے سیفیہ اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج کے ہونہار طالب علم محمد ذبیان خان (فرزند ڈاکٹر محمد ریحان خان) نے قائم کی،
جنہوں نے شدید غم کے ماحول میں بھی ہمت نہ ہاری اور NEET 2026 میں 579 نمبرات حاصل کرکے نمایاں کامیابی اپنے نام کی۔ تفصیلات کے مطابق محمد ذبیان خان کے نانا، انجمن ہائی اسکول کھام گاؤں کے معلم اور ہاسٹل انچارج مولانا افسر ندوی کا 20 جون کو امراوتی میں انتقال ہوگیا تھا۔ 21 جون کی صبح ان کی تدفین تھی، جبکہ اسی روز نیٹ کا امتحان بھی منعقد ہونا تھا۔ ذبیان خان نے نانا کی تدفین سے قبل ان کا آخری دیدار کیا اور اہلِ خانہ سے دعائیں لے کر امتحان گاہ کا رخ کیا۔ انتہائی غم زدہ ماحول کے باوجود انہوں نے غیر معمولی صبر، استقامت اور ذہنی یکسوئی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امتحان دیا۔ نتیجہ آیا تو محمد ذبیان خان نے 579 نمبرات حاصل کرکے اپنی محنت کو کامیابی میں بدل دیا۔ انہوں نے اس شاندار کامیابی کو اپنے مرحوم نانا کے لیے عملی خراجِ عقیدت قرار دیا۔ ان کی یہ کامیابی اس لیے بھی زیادہ اہمیت رکھتی ہے کہ نیٹ کے پہلے امتحان میں انہیں 350 نمبرات حاصل ہوئے تھے، تاہم پرچہ لیک ہونے کے باعث وہ امتحان منسوخ ہوگیا تھا۔ اس کے بعد ذہنی دباؤ اور نانا کے انتقال جیسے بڑے صدمے کے باوجود انہوں نے خود کو سنبھالا اور نمایاں کامیابی حاصل کی۔ قابلِ ذکر ہے کہ محمد ذبیان خان، شمیم آزاد اردو ہائی اسکول کے معلم رہبر خان محمد افسر ندوی کے بھانجے ہیں، جن کی سرپرستی اور رہنمائی میں انہوں نے نیٹ کی تیاری کی۔ وہ کھام گاؤں کے جوہی لان و کرکٹ ٹرف کے مالک محمد عامر کے بھی بھانجے ہیں۔ محمد ذبیان خان کی اس غیر معمولی کامیابی پر کھام گاؤں، دریاپور اور امراوتی میں اساتذہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور سماجی حلقوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ ساتھ ہی مرحوم مولانا افسر ندوی کے لیے دعائے مغفرت اور محمد ذبیان خان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔