کھام گاؤں، الحاج شہرت خان کی قیادت میں آکاش فنڈکر کو میمورنڈم اردو اسکولوں کی ترقی اور نئی عمارتوں کے لیے فنڈ فراہم کرنے کا مطالبہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 21, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) شہر کے وارڈ نمبر 2 کے رکن بلدیہ کی جانب سے الحاج شہرت خان کی قیادت میں ایک وفد نے مہاراشٹر کے وزیرِ محنت اور ضلع اکولہ کے نگراں وزیر کھام گاؤں کے رکن اسمبلی ایڈوکیٹ آکاش دادا فنڈکر سے ملاقات کرکے اردو اسکولوں کی بنیادی سہولیات اور ترقی سے متعلق ایک میمورنڈم پیش کیا۔ میمورنڈم میں نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 4 کی نئی عمارت کے دوسرے مرحلے کی تعمیر کے لیے فنڈ جاری کرنے، جدید ڈیجیٹل بورڈ، 12 اضافی جماعتی کمروں، کھیل کے میدان، باغبانی، طلبہ کے لیے بینچز، بیت الخلاء اور دیگر بنیادی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 2 کی نئی عمارت کے لیے بھی فوری فنڈ فراہم کرنے کا مطالبہ انیس جمعدار نے کیا۔ بتایا گیا کہ اس عمارت کی تعمیر سے متعلق تمام سرکاری کارروائیاں مکمل ہوچکی ہیں اور اب صرف فنڈ کی منظوری باقی ہے۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ آکاش دادا فنڈکر نے وفد کو یقین دلایا کہ نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 4 کی نئی عمارت کے پہلے مرحلے کا کام پہلے ہی شروع ہوچکا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کے لیے بھی فنڈ فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 2 کی نئی عمارت کے لیے فنڈ فراہم کرکے تعمیراتی کام جلد شروع کرانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ وفد میں الحاج شہرت خان،الحاج ادریس جمعدار ، واثق نوید ، انیس جمعدار، سید نجیب، حاجی سکندر، رحیم بھائی، لالا جمعدار، اشو خان اور شبیر بھائی سمیت دیگر معززین شریک تھے۔