ناندورہ، عنایتیہ ہائی اسکول و جونیئر کالج میں ہونہار طلبہ اور سینئر استاد کی شاندار پذیرائی اسکالرشپ، سلور میڈل اور قومی اعزازات حاصل کرنے والوں کو تہنیت، محنت اور لگن کو کامیابی کی کنجی قرار دیا گیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 21, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) عنایتیہ ہائی اسکول و جونیئر کالج میں تعلیمی اور ادبی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ اور سینئر استاد کے اعزاز میں ایک باوقار تقریبِ تہنیت کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ادارے کی جانب سے گلپوشی اور تہنیتی اسناد پیش کرتے ہوئے کامیاب شخصیات کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب میں جماعت ہشتم کی طالبہ اقراء صدف محمد عقیل کو آٹھویں جماعت کے اسکالرشپ امتحان میں نمایاں کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی،
جب کہ دسویں جماعت کے طالب علم محمد عامر حمزہ محمد سمیع الرحمن کو اکولہ میں منعقدہ ضلعی سطح کے فاؤنڈیشن کورس میں سلور میڈل حاصل کرنے پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
اسی موقع پر ادارے کے سینئر استاد، معروف ادیب و شاعر محمد اعجاز شیخ رمضان (اعجاز پروانہ) کو ان کی گراں قدر ادبی خدمات کے اعتراف میں "راشٹریہ گورو پرتبھا سمان ایوارڈ" اور "دادا صاحب پھالکے ایوارڈ 2026" سے سرفراز کیے جانے پر شاندار استقبال کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل محترمہ ثمینہ باجی، غازی خان سر اور اظہر عاطف سر نے کہا کہ مسلسل محنت، لگن اور اعلیٰ اخلاق ہی کامیابی کی اصل بنیاد ہیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کے ساتھ ساتھ اپنی اخلاقی اور سماجی ذمہ داریوں کو بھی نبھائیں۔ مقررین نے کہا کہ ادارے کے ہونہار طلبہ اور اساتذہ کی کامیابیاں پوری درسگاہ کے لیے باعثِ فخر ہیں اور دیگر طلبہ کے لیے مشعلِ راہ کا کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر صدام بیگ سر اور وسیم خان سر نے مہمانوں، اساتذہ، طلبہ اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کامیاب طلبہ اور اعزاز یافتہ استاد کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب خوشگوار ماحول، پرجوش تالیوں اور مبارکباد کے جذبات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔