شیگاؤں ، مسلسل جدوجہد رنگ لائی، نگر پریشد کے 13 اساتذہ کی آسامیاں پوتّر پورٹل پر اپ لوڈ وسیم پٹیل اور مجلس کے چاروں کارپوریٹروں کی مسلسل پیروی اور نمائندگی سے اہم پیش رفت
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 27, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) شیگاؤں نگر پریشد کے زیر انتظام اسکولوں میں خالی اساتذہ کی آسامیوں کو پوتّر (Pavitra) پورٹل پر اپ لوڈ کرانے کے لیے گزشتہ کئی ماہ سے جاری مسلسل کوششیں، متعلقہ حکام سے ملاقاتیں، تحریری نمائندگی اور مستقل فالو اپ آخرکار کامیاب ثابت ہوئے۔ ان کوششوں کے نتیجے میں نگر پریشد شیگاؤں کی 13 اساتذہ کی خالی آسامیاں پوتّر پورٹل پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔ یہ اہم کامیابی مجلس اتحاد المسلمین شیگاؤں شہر کے صدر وسیم پٹیل کی نگرانی میں پارٹی کے چاروں کارپوریٹروں مختار ٹھیکیدار، امجد سیٹھ، جبار ٹھیکیدار اور ندیم پٹیل (گروپ لیڈر) کی مسلسل جدوجہد اور متعلقہ افسران کو دی گئی نمائندگیوں کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔ اس دوران آسامیوں کو جلد از جلد پورٹل پر اپ لوڈ کرانے کے لیے مسلسل فالو اپ کیا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ یہ صرف ایک انتظامی کارروائی نہیں بلکہ نگر پریشد کے اسکولوں میں تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ طویل عرصے سے اساتذہ کی کمی کے باعث طلبہ کو پیش آنے والی دشواریوں کے پیش نظر ان آسامیوں کو پوتّر پورٹل پر اپ لوڈ کرانے کے لیے مسلسل جدوجہد کی گئی۔ اس مہم کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والے تمام سرکاری افسران، عوامی نمائندوں، ملازمین، کارکنان اور براہِ راست یا بالواسطہ تعاون کرنے والے تمام افراد کا دلی شکریہ ادا کیا گیا۔ اے آئی ایم آئی ایم شیگاؤں شہر کے صدر وسیم پٹیل اور چاروں کارپوریٹروں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ تعلیم، ترقی اور عوامی مفاد سے وابستہ مسائل پر آئندہ بھی پوری دیانت داری، ذمہ داری اور سنجیدگی کے ساتھ جدوجہد جاری رکھی جائے گی، تاکہ شیگاؤں کے طلبہ اور شہریوں کو بہتر تعلیمی اور عوامی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔