کھام گاؤں ، جماعت اسلامی ہند بلڈھانہ نارتھ کا شاندار ضلعی تربیتی اجتماع 200 کارکنان کی شرکت کھام گاؤں (واثق نوید)
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 28, 2026
0
share
جماعت اسلامی ہند، ضلع بلڈھانہ نارتھ کے زیر اہتمام کارکنان کا ایک روزہ ضلعی تربیتی اجتماع 26 جولائی کو جماعت اسلامی ہند کے کمیونٹی سینٹر، کھام گاؤں میں نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ صبح 10:30 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہنے والے اس اجتماع میں کھام گاؤں، شیگاؤں، ملکاپور، ناندورہ، بدنیرہ، بھولجی اور پیپل گاؤں راجہ سمیت مختلف مقامات سے تقریباً 200 مرد و خواتین کارکنان نے شرکت کی۔ اجتماع کا آغاز امیرِ مقامی کھام گاؤں ظفر عبید انصاری کے درسِ قرآن سے ہوا۔ انہوں نے قرآنِ مجید کی آیات کی روشنی میں امتِ مسلمہ کے نصب العین، اقامتِ دین، اجتماعیت اور دینی جدوجہد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ افتتاحی کلمات ناظم ضلع بلڈھانہ نارتھ سہیل فرقان نے پیش کرتے ہوئے تربیتی اجتماع کے مقاصد، ضرورت اور کارکنان کی فکری و عملی تربیت پر روشنی ڈالی۔ جماعت اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹر کے سیکریٹری ظفر انصاری نے "فریضۂ اقامتِ دین" کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین کو قائم کرنا امتِ مسلمہ کا فرضِ منصبی ہے اور اس کی ادائیگی ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ اس کے بعد امیرِ مقامی چکھلی ڈاکٹر اعجاز نے "بنیادی لٹریچر کا تعارف" کے موضوع پر جماعت کے فکری لٹریچر کی اہمیت بیان کی، جبکہ ظفر انصاری نے "اسلام اور اجتماعیت" کے عنوان سے اجتماعیت کی ضرورت اور اس کے عملی تقاضوں پر مدلل گفتگو کی۔ پہلے سیشن کے اختتام پر ڈاکٹر اعجاز نے مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی دینی خدمات، قربانیوں اور اقامتِ دین کے لیے ان کی بے مثال جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی آج بھی کارکنانِ تحریک کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ نمازِ ظہر اور طعام کے وقفے کے بعد دوسرے سیشن کا آغاز ضلعی ناظمہ عشرت انجم کے درسِ حدیث سے ہوا، جس میں انہوں نے قیامت کے دن انسان سے کیے جانے والے پانچ بنیادی سوالات پر فکر انگیز گفتگو کی۔ اس کے بعد "نظمِ جماعت" کے موضوع پر مکالمہ منعقد ہوا، جبکہ معاون سیکریٹری فیملی کونسلنگ، حلقہ مہاراشٹر عمیر احمد خان نے "دستور کی تفہیم" کے عنوان سے دستورِ جماعت کے اہم نکات واضح کیے۔ امیرِ مقامی ملکاپور مستقیم الحسن نے "رکنِ جماعت، دفعہ 8 اور 9" کی روشنی میں کارکنان کے مطلوبہ اوصاف اور ذمہ داریوں پر اظہارِ خیال کیا، جبکہ سابق ناظم ضلع ضیاء الدین نے "میقاتی منصوبہ بندی" کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے منصوبہ بندی کو تحریکی اہداف کے حصول کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ مقامی ناظمہ، جماعت اسلامی ہند، شیگاؤں نے "امیر و مامورین اور اطاعتِ امیر" کے موضوع پر خطاب کیا۔ اختتامی نشست میں حلقہ مہاراشٹر کے سیکریٹری شعبۂ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ (HRD) ڈاکٹر جنید کامران نے "تحریک اسلامی میں افراد کی تعمیر اور صلاحیتوں کا استعمال" کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کارکنان کی فکری، اخلاقی اور تنظیمی تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔ آخر میں حلقہ مہاراشٹر کے سیکریٹری ظفر انصاری نے "تحریک اسلامی ہماری ضرورت" کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے موجودہ ملکی و عالمی حالات کا جائزہ پیش کیا اور کہا کہ معاشرے میں خیر، عدل اور دینی اقدار کے فروغ کے لیے جماعت اسلامی کا کردار پہلے سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ ان کی دعا پر اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ پہلے سیشن کی نظامت رئیس بیگ (کھام گاؤں) اور دوسرے سیشن کی نظامت سید ایاض الدین (ناندورہ) نے انجام دی۔ اجتماع کی کامیابی میں ناظم ضلع سہیل فرقان، امیرِ مقامی ظفر عبید انصاری، عارف انصاری، جاوید صاحب، یوسف صاحب، حلقۂ خواتین اور مقامی کارکنان کی خدمات کو سراہا گیا۔