شیگاؤں ، بلاک ایجوکیشن افسر محمد سلیم 31 مئی 2026 کو سبکدوش تعلیم، دیانت داری اور اساتذہ دوستی کی روشن مثال رہے محمد سلیم . کھام گاؤں (واثق نوید)
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 02, 2026
0
share
محکمۂ تعلیم میں اپنی دیانت داری، خوش اخلاقی اور تعلیمی خدمات کے سبب نمایاں مقام رکھنے والے شیگاؤں پنچایت سمیتی کے بلاک ایجوکیشن افسر محمد سلیم پیر محمد 31 مئی 2026 کو عمر کے مقررہ ضابطے کے مطابق سبکدوش ہوگئے۔
ان کی سبکدوشی پر تعلیمی حلقوں، اساتذہ اور مختلف سماجی طبقات کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
محمد سلیم پیر محمد نے اپنے طویل تعلیمی و انتظامی سفر میں ایک مثالی استاد اور کامیاب افسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ استاد کے عہدے سے لے کر گٹ شکشن ادھیکاری (بلاک ایجوکیشن افسر) کے منصب تک ان کا سفر محنت، لگن، دیانت داری اور خدمتِ تعلیم سے عبارت رہا۔ تعلیمی اور انتظامی امور پر ان کی مضبوط گرفت نے متعدد اسکولوں، اساتذہ اور طلبہ کو فائدہ پہنچایا۔ وہ ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں جنہوں نے ہمیشہ تمام مذاہب کا احترام کیا اور اساتذہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی۔ اپنے پورے دورِ ملازمت میں انہوں نے کبھی عہدے یا اختیار کا غرور نہیں کیا بلکہ خود کو ہمیشہ ایک استاد سمجھتے ہوئے تعلیمی معیار کی بہتری اور اسکولوں کی ترقی کے لیے سرگرم عمل رہے۔ محمد سلیم پیر محمد کی پُراثر گفتگو، بلند آہنگ آواز، شاندار خطابت اور زبانِ مراٹھی پر عبور انہیں دیگر افسران سے ممتاز بناتا ہے۔ عام اساتذہ کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے ان کی سنجیدہ کوششوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ تعلیمی حلقوں کی جانب سے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ ایسے مخلص، باصلاحیت اور انسان دوست افسر کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ان کے دورِ خدمت کی یادیں ہمیشہ اساتذہ اور طلبہ کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ اساتذہ، سماجی کارکنان اور مختلف تنظیموں نے ان کی صحت، تندرستی، خوشیوں بھری طویل عمر اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔