اکولہ میں شاندار ’’اردو گھر‘‘ کی تعمیر کو منظوری، اردو زبان و ادب کے فروغ کی نئی امید
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 28, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید)حکومتِ مہاراشٹر کے محکمہ برائے ترقیِ اقلیت نے اکولہ شہر میں ایک عظیم الشان ’’اردو گھر‘‘ کی تعمیر کے لیے 12 کروڑ 79 لاکھ روپے کے بجٹ کو انتظامی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد اردو زبان، ادب اور تہذیب سے وابستہ حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اسے اردو کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
موصولہ سرکاری معلومات کے مطابق ’’اردو گھر‘‘ کی تعمیر اکولہ کے موجے علاقہ میں شیٹ نمبر 37 سی، پلاٹ نمبر 5 پر کی جائے گی۔ تقریباً 2500 اسکوائر میٹر اراضی پر تعمیر ہونے والی اس عمارت میں گراؤنڈ فلور اور فرسٹ فلور شامل ہوں گے، جبکہ مجموعی تعمیراتی رقبہ 2489.80
اسکوائر میٹر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کا مقصد اردو زبان و ادب کے فروغ کے ساتھ ساتھ مراٹھی اور اردو کے ادیبوں، شعرا اور علمی شخصیات کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں ادبی، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا سکے گا۔ حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس منصوبے پر کل 12.79 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جن میں عمارت کی تعمیر، جدید فرنیچر، بجلی و وائرنگ، پانی و سینیٹری نظام، احاطے کی دیوار، گیٹ، پارکنگ اور ڈرینیج جیسی بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ معذور افراد کی سہولت کے لیے ریمپ اور ریلنگ کی تعمیر کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ محکمہ عوامی تعمیرات (PWD) کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جبکہ حکومت نے تعمیراتی کام 31 دسمبر 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اردو سے وابستہ ادبی، سماجی اور تعلیمی حلقوں نے حکومتِ مہاراشٹر کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ’’اردو گھر‘‘ مستقبل میں اردو زبان و ثقافت کے فروغ کا ایک اہم مرکز ثابت ہوگا۔