کھام گاؤں ، اردو اسکول نمبر 4 کی شاندار و عالی شان نئی عمارت کا تعمیری کام شروع ایڈوکیٹ آکاش فونڈکر کی خصوصی کوششوں سے ایک کروڑ پچیس لاکھ کی منظوری، عوام میں خوشی کی لہر
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 27, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر ریاست کے کامگار منتری اور مقبول رکنِ اسمبلی ایڈوکیٹ آکاش فونڈکر کی خصوصی دلچسپی اور نمایاں تعاون سے شہر کے پربھاگ نمبر 2، ضیا کالونی میں واقع نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 4 کی نئی، خوبصورت اور عالی شان عمارت کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔
اس تعمیری کام کے شروع ہونے پر علاقے کے عوام اور سرپرستوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسکول کی نئی عمارت دو مرحلوں میں تعمیر کی جائے گی، جس کے پہلے مرحلے کے لیے ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے کی خطیر رقم منظور کی گئی ہے۔ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ یہ جدید طرز کی عمارت جلد مکمل ہوکر طلبہ کے لیے دستیاب ہوگی، جس سے علاقے میں تعلیمی معیار کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 4 شہر کی معیاری اور ممتاز درسگاہوں میں شمار کی جاتی ہے، جہاں صرف مقامی ہی نہیں بلکہ شہر کے دیگر علاقوں سے بھی طلبہ حصولِ تعلیم کے لیے آتے ہیں۔ نئی عمارت کی تعمیر سے طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول، جدید سہولیات اور معیاری تعلیم کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
اس موقع پر پربھاگ نمبر 2 کے رکن بلدیہ حجن نسیم بانو الحاج عبد الکریم خان کے فرزند شہرت خان، انیس جمعدار، حاجی سکندر خان ، ایڈوکیٹ الیاس، ڈاکٹر وقار محسن، سمیع اللہ بیگ ، اسحاق بھائی اور یوسف بھائی سمیت دیگر معززین نے اس تاریخی کام کے لیے پورے پربھاگ کی جانب سے آکاش فونڈکر، ساگر دادا فنڈکر اور صدر بلدیہ اپرنا تائی فنڈکر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
علاقے کی عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ اس نئی تعلیمی عمارت کی تعمیر سے نہ صرف ضیا کالونی بلکہ پورے شہر میں اردو تعلیم کو نئی تقویت حاصل ہوگی اور طلبہ کے روشن مستقبل کی راہیں مزید ہموار ہوں گی۔