اب حج کمیٹی سے عمرہ کا سفر بھی ممکن ۔ جلد فیصلہ متوقع 40 تا 60 ہزار اخراجات کا امکان ۔ ویزا ' ٹکٹ اور قیام کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 07, 2026
0
share
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا اب محض حج کی حد تک محدود نہیں رہے گی بلکہ معتمرین کی بھی حج کمیٹی کے ذریعہ روانگی کے انتظامات کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق حج کمیٹی نے سال 2026 سے ذی الحجہ میں حج بیت اللہ کیلئے ہندستانی عازمین کو روانہ کرنے کے علاوہ جاریہ سال معتمرین کی روانگی کے انتظامات کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ہندستان سے روانہ ہونے والے معتمرین کو ویزا و ٹکٹ کی اجرائی کے علاوہ رہائشی سہولتوں کی فراہمی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں جلد مرکزی وزارت اقلیتی امور و حج کمیٹی سے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور عمرہ کے خواہشمندوں سے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
حج کمیٹی جو اس نئی سہولت کے آغاز کا منصوبہ تیار کیاہے اس کے مطابق ہندوستان سے ہر تین ماہ میں معتمرین کے قافلوں کی روانگی عمل میں لائی جائے گی اور ان معتمرین کو مکہ مکرمہ میں عمرہ کے علاوہ مدینہ منورہ میں زیارتوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ۔دونوں ہی مقدس شہروں میں قیام کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور 15روزہ سفر مقدس کیلئے انتہائی کم اخراجات میں سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور کے تحت حج کمیٹی عمومی طور پر محض حج بیت اللہ کی ادائیگی کیلئے عازمین کو روانہ کیا کرتی تھی اور حج کمیٹی خواہ مرکزی ہویا ریاستی ہو ان میں درخواستوں کے ادخال' قرعہ اندازی کے بعد سے ہی سرگرمیاں نظر آتی تھیں لیکن اب حج کمیٹی عمرہ کے خواہشمندوں کی روانگی کا سلسلہ شروع کرتی ہے تو ملک کی تمام ریاستی حج کمیٹیوں میں مسلسل مصروفیات اور سرگرمیوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ بتایا گیا کہ حج کمیٹی سے اس سفر مقدس کیلئے 40تا60 ہزار کے درمیان اخراجات ہوسکتے ہیں.