جی ٹی ایس امتحان میں کامیاب طلبہ اسرو احمد آباد کے تعلیمی دورے کے لیے روانہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 05, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) گروکل ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ جی ٹی ایس (GTS) امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ آج ہندوستان کی معروف خلائی تحقیقی تنظیم اسرو (ISRO)، احمد آباد کے تعلیمی دورے کے لیے روانہ ہوئے۔
اس موقع پر طلبہ، والدین، اساتذہ اور معزز شخصیات میں خوشی اور جوش و خروش کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ روانگی سے قبل منعقدہ تقریب میں متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں شلپا ششیکانت کھوت، صدر ضلع پریشد کولہاپور، شارنگدھر دیشمکھ، کارپوریٹر میونسپل کارپوریشن و شیو سینا گروپ لیڈر، شیتل پروین یادو، چیئرپرسن مالیات و تعلیم کمیٹی ضلع پریشد کولہاپور، اور وجئے سنگھ مانے، بانی صدر اشوک راؤ مانے شکشن سموہ و ڈائریکٹر ضلع مدھیورتی سہکاری بینک کولہاپور شامل تھے۔
اس موقع پر گروکل ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین کرن چوگلے سر، آسم پٹیل سر، محسن مجاور سر، الطاف شیخ سر اور شفیق پٹیل سر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کامیابی مسلسل محنت، عزم اور لگن کا نتیجہ ہوتی ہے۔ جی ٹی ایس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ نے پورے سال محنت اور یکسوئی کے ساتھ تیاری کی، جس کا ثمر انہیں اسرو جیسے عالمی شہرت یافتہ سائنسی ادارے کے دورے کی صورت میں حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرو کا یہ تعلیمی دورہ طلبہ کے لیے ایک منفرد اور یادگار تجربہ ثابت ہوگا، جہاں انہیں خلائی سائنس، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، جدید تحقیق اور سائنسی منصوبوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملے گا۔ اس سے طلبہ میں سائنسی شعور، تحقیق کا جذبہ اور مستقبل میں نئی بلندیوں تک پہنچنے کا حوصلہ پیدا ہوگا۔
والدین نے بھی اپنے بچوں کی اس کامیابی پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔ اس موقع پر گروکل ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے طلبہ کی ہمہ جہت تعلیمی و شخصی ترقی کے لیے جاری کوششوں کو بھی سراہا گیا۔ تقریب کے اختتام پر تمام منتخب طلبہ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی گئی اور طلبہ کے کامیاب و یادگار اسرو دورے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔