ساکھر کھیرڈا ، ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانی اسکول، میں یونس پٹیل کی الوداعی تقریب منعقد
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 02, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانی اسکول، ساکھر کھیرڈا تعلقہ سندھ کھڑ راجہ میں 31 مئی 2026 کو ایک پُروقار اور جذباتی الوداعی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا،
جس میں اسکول کے ہر دلعزیز اور مخلص استاد یونس موسیٰ پٹیل کی ملازمت سے سبکدوشی کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد معزز مہمانانِ کرام، اساتذہ اور حاضرین کا استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر یونس پٹیل کی تعلیمی، تدریسی اور اخلاقی خدمات کے اعتراف میں انہیں شال، سپاس نامہ اور پھولوں کے ہار پیش کرکے عزت افزائی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے یونس پٹیل کی طویل تدریسی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی اصول پسندی، وقت کی پابندی، فرض شناسی اور طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اساتذہ کرام نے کہا کہ موصوف نے اپنی پوری ملازمت کے دوران نہایت اخلاص، دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیے، جس کی روشن مثالیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اس موقع پر جناب ضمیر رضا نے یونس پٹیل کی شخصیت اور خدمات پر مشتمل خصوصی منظوم کلام ’’یونس نامہ‘‘ نہایت مترنم انداز میں پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور بھرپور داد و تحسین سے نوازا ۔ بعد ازاں اساتذہ کرام کی جانب سے یونس پٹیل کو مختلف تحائف بھی پیش کیے گئے۔ اپنے صدارتی خطاب میں صاحبِ جشن یونس پٹیل نے تمام حاضرین اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جذباتی انداز میں اپنے تاثرات پیش کیے۔ انہوں نے اپنی ملازمت کے دوران ہونے والی کوتاہیوں پر معذرت طلب کرتے ہوئے سبھی سے دعاؤں کی درخواست کی۔ تقریب کے اختتام پر صدر مدرس اشفاق سر نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ بعد ازاں صاحبِ جشن کی جانب سے تمام حاضرین کے لیے پُرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا، جس سے تقریب کا ماحول مزید خوشگوار بن گیا۔