امراوتی ، تقریبِ ولیمہ میں اردو مطالعہ تحریک کا انوکھا اہتمام مہمانوں میں دو سو سے زائد اردو کتابوں کی تقسیم، اردو دوستی کی قابلِ تقلید مثال
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 30, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ریاستِ مہاراشٹر میں گزشتہ تین برسوں سے حکومتِ مہاراشٹر، یونیسیف اور “،را اورنگ آباد(RAA AURANGABAD)” کے اشتراک سے جاری “اردو مطالعہ تحریک” اردو زبان کے فروغ، مطالعے کے شوق اور نئی نسل میں کتاب دوستی پیدا کرنے کے مقصد سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
اس پروگرام کے تحت مختلف اسکولوں، کالجوں اور تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو مطالعے کی جانب راغب کرنے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اسی سلسلے میں ضلع امراوتی کے ضلعی ایمبیسیڈر جناب جاوید جوہر صاحب نے اردو زبان و ادب سے اپنی والہانہ محبت کا ایک منفرد اور قابلِ تقلید عملی نمونہ پیش کرتے ہوئے اپنے فرزند کی تقریبِ ولیمہ کو “اردو مطالعہ تحریک” سے جوڑ دیا۔
انہوں نے تقریب میں شریک مہمانوں کے درمیان تقریباً دو سو اردو کتابیں تقسیم کر کے اردو دوستی، مطالعہ کے فروغ اور کتاب بینی کی ایک نئی روایت قائم کی۔
تقریبِ ولیمہ میں کتابوں کی تقسیم کا یہ منفرد انداز حاضرین کے لیے نہایت خوشگوار حیرت کا سبب بنا اور ہر طرف اس اقدام کی بھرپور ستائش کی جا رہی ہے۔ اہلِ اردو کا ماننا ہے کہ اس طرح کے عملی اقدامات سے نہ صرف اردو زبان کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ نئی نسل میں مطالعے کی عادت بھی پروان چڑھے گی۔ سماجی اور خاندانی تقریبات کو تعلیمی و ادبی تحریکوں سے جوڑنے کی یہ کوشش یقیناً ایک مثبت اور تعمیری پیغام رکھتی ہے۔ اردو مطالعہ تحریک بنیادی طور پر بچوں اور نوجوانوں میں مطالعے کا ذوق پیدا کرنے، زبان دانی بہتر بنانے، الفاظ کے ذخیرے میں اضافہ کرنے اور تعلیمی معیار بلند کرنے کی ایک اہم تحریک ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے مختلف سطحوں پر ریڈنگ ایکٹیویٹیز، کتابوں کی فراہمی، مطالعاتی نشستوں اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کے مثبت اثرات تعلیمی میدان میں نمایاں طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔ مورخہ 19 مئی 2026 کو منعقدہ اس تقریبِ ولیمہ مع اردو مطالعہ تحریک میں کئی معزز شخصیات نے خصوصی شرکت فرمائی۔ جن میں ایم۔ اے۔ غفار (ریاستی صدر مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا) جواد حسین،(ریاستی ترجمان) حمید شارق (ریاستی نائب صدر) محمد ناظم (علاقائی سیکریٹری) انیس الدین ( ضلع صدر واشم ) اظہر الدین (ضلع صدر اکولہ) محمد عظیم ، مجاہد فراز ، شہزاد احمد ، مجیب الدین ، سمیر الدین ، کے علاوہ مہاراشٹر کے مختلف اضلاع سے تشریف لانے والے ضلعی صدور، سیکریٹری صاحبان، امراوتی و اطراف کے اساتذۂ کرام اور اردو سے وابستہ شخصیات کی کثیر تعداد شامل تھی۔ شرکائے تقریب نے جناب جاوید جوہر صاحب کے اس منفرد اور تعمیری اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے اسے اردو زبان کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ مقررین نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اردو سے محبت رکھنے والے افراد اس طرح کی تقریبات کے ذریعے اردو مطالعہ تحریک کو مزید وسعت دیں گے اور معاشرے میں کتاب دوستی کی فضا کو عام کریں گے۔