مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے مؤثر اقدام کی اردو اساتذہ میں زبردست ستائش
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 26, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کی جانب سے مضمون اساتذہ کو مستقل تنخواہی گریڈ دلانے کے لیے کی گئی مؤثر نمائندگی اور قانونی جدوجہد کو اردو اساتذہ کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔
ریاست بھر کے اساتذہ نے تنظیم کے اس بروقت اور عملی اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس کوشش سے ہزاروں متاثرہ اساتذہ کو انصاف مل سکے گا۔
اساتذہ حلقوں میں بالخصوص تنظیم کے بانی و ریاستی صدر ایم اے غفار کی کامیاب قیادت، مسلسل جدوجہد اور بروقت عملی ترجمانی کی ستائش کی جا رہی ہے۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ ایم اے غفار نے ہمیشہ اردو اساتذہ کے مسائل کو سنجیدگی سے اٹھایا اور حکومتی سطح پر مؤثر انداز میں نمائندگی کرتے ہوئے تعلیمی و تدریسی حقوق کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ تنظیم نے ممبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں محکمۂ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ جماعت ششم تا ہشتم میں خدمات انجام دینے والے اہل مضمون اساتذہ کو سبجیکٹ ٹیچر کی تنخواہی گریڈ اور بقایاجات فراہم کیے جائیں۔
اس مطالبے کے بعد اردو اساتذہ میں خوشی اور امید کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ تعلیمی و سماجی حلقوں نے بھی اس اقدام کو اردو تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کی سمت ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔