شیگاؤں ، اے پی سی آر کی فکری و تنظیمی نشست، قانونی رہنمائی کے لیے مقامی ٹیم کی تشکیل پر زور ملت اور انسانیت کی خدمت کے لیے قانونی شعور اور دعوتی حکمتِ عملی وقت کی اہم ضرورت ہے مقررین
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 26, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) ضلع بلڈانہ کے زیرِ اہتمام شیگاؤں کے آزاد نگر علاقے میں واقع مسجدِ حضرت عمر فاروقؓ میں ایک اہم فکری و تنظیمی نشست منعقد ہوئی،
جس میں وکلاء، سماجی کارکنان، دینی وابستگی رکھنے والے افراد اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ نشست اتوار، 24 مئی 2026 کو نمازِ مغرب کے بعد منعقد کی گئی۔ پروگرام کا آغاز امیرِ مقامی ڈاکٹر محمد انصار کے درسِ قرآن سے ہوا۔ انہوں نے سورۃ النحل کے آخری رکوع کی روشنی میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سیرت اور دعوتی جدوجہد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو حکمت، صبر اور حسنِ اخلاق کے ساتھ دعوتِ دین کا فریضہ انجام دینا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملت کو اپنے دینی و سماجی تحفظ کے ساتھ ساتھ دعوتی میدان میں بھی فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ بعد ازاں اے پی سی آر ضلع بلڈانہ کے ذمہ دار ایڈوکیٹ عابد انعامدار نے تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں قانونی بیداری پیدا کرنا اور مظلوم افراد کو رہنمائی فراہم کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ نشست کی صدارت اے پی سی آر کے ریاستی سیکریٹری ایڈوکیٹ شعیب انعامدار نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے تنظیم کی خدمات، جدوجہد اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شیگاؤں میں مقامی سطح پر ایک مضبوط اور فعال قانونی ٹیم کی تشکیل ناگزیر ہوچکی ہے، جو ملت کے مسائل کے ساتھ ساتھ عام انسانوں کو بھی قانونی تعاون اور رہنمائی فراہم کرسکے۔ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں سوال و جواب اور تبادلۂ خیال کا سلسلہ ہوا، جس میں شرکاء نے مختلف قانونی، سماجی اور تنظیمی امور پر اپنی آراء پیش کیں۔ مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نوجوان نسل میں قانونی شعور بیدار کرنا اور انہیں ملی خدمات سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اختتامی کلمات میں امیرِ مقامی نے تمام مہمانوں، وکلاء اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نشست کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے اور شیگاؤں میں اے پی سی آر کی ایک مضبوط مقامی ٹیم سرگرم عمل ہوگی۔ پروگرام کا اختتام دعا پر ہوا۔ اس موقع پر امین بوس، ایڈوکیٹ مبین، ایڈوکیٹ علیم خان، ایڈوکیٹ ابو بکر، ایڈوکیٹ فرحان، ساجد سر سمیت جماعتِ اسلامی ہند شیگاؤں کے ارکان، کارکنان اور مقامی نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔