ناگپور ، ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ؛ ودربھ کے اسکول اب 30 جون سے ہوں گے شروع
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 11, 2026
0
share
کھام گاؤں ، (واثق نوید) ودربھ میں شدید گرمی کے پیشِ نظر اسکولوں کے آغاز سے متعلق جاری تنازع پر بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے محکمہ تعلیمات کا 15 یا 22 جون سے اسکول شروع کرنے کا حکم منسوخ کر دیا ہے۔ عدالت نے 20 اپریل 2023 کے حکومتی فیصلے کے مطابق ودربھ کے اسکول 30 جون سے شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بدھ 10 جون کو جسٹس انیل کِلّور اور جسٹس راجیش واکوڈے کی بنچ کے روبرو اس معاملہ کی سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری وکیل نے محکمہ تعلیمات کا 9 جون کو جاری کردہ سرکیولر عدالت میں پیش کیا، جس میں 22 جون سے اسکول شروع کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ تاہم عرضی گزار تنظیم ، مہاراشٹر راجیہ پراٹھمک شکشک سمیتی کی جانب سے ایڈوکیٹ ڈاکٹر بی۔ جی۔ کلکرنی نے حکومت کے موقف کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ودربھ میں شدید گرمی کے باعث طلبہ کی صحت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، اس لیے سابقہ حکومتی فیصلے پر عمل کیا جانا چاہیے۔ دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے حکومت کے مؤقف سے عدم اتفاق ظاہر کیا اور واضح کیا کہ طلبہ کی صحت و سلامتی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ عدالت نے محکمہ تعلیمات کا تازہ حکم نامہ منسوخ کرتے ہوئے 20 اپریل 2023 کے حکم نامے کے مطابق 30 جون سے اسکول شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔ واضح رہے کہ گرمی کی شدت کے باعث ودربھ میں اسکولوں کی شروعات کی تاریخ کو لے کر گزشتہ کئی دنوں سے بحث جاری تھی، جس پر مختلف اساتذہ تنظیموں اور والدین کی جانب سے بھی اعتراضات سامنے آئے تھے۔