شیگاؤں ، آل انڈیا مسلم ڈیولپمنٹ کاؤنسل کی فکری نشست سماجی و عوامی خدمات کے فروغ پر زور
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 22, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) 21 مئی 2026 کو شیگاؤں کے آزاد نگر میں واقع مسجدِ عمر فاروق میں آل انڈیا مسلم ڈیولپمنٹ کاؤنسل کے زیرِ اہتمام ایک اہم فکری و تنظیمی نشست منعقد ہوئی،
جس میں شہر اور اطراف کے سماجی، تعلیمی اور دینی حلقوں سے وابستہ معزز شخصیات نے شرکت کی۔ نشست کی صدارت معروف عالمِ دین مولانا محمد نعیم الرحمن مظاہری نے فرمائی۔
نشست کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد تنظیم کے اغراض و مقاصد، عوامی خدمات اور مستقبل کے لائحۂ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی مولانا عمران ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ملت کو متحد اور منظم ہوکر سماجی، تعلیمی اور رفاہی میدان میں فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر علاقے کی مسجد کو مرکز بنا کر مضبوط مقامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تو عوام کے بے شمار مسائل خوش اسلوبی سے حل کیے جاسکتے ہیں۔
مولانا موصوف نے مزید کہا کہ یہ تحریک صرف جلسوں اور نعروں تک محدود نہیں بلکہ خدمتِ خلق، نوجوانوں کی رہنمائی، تعلیمی بیداری، سرکاری اسکیموں سے عوام کو جوڑنے اور ضرورت مندوں کی مدد جیسے عملی میدانوں میں کام کرنا چاہتی ہے۔ نشست میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ آئندہ پروگراموں میں مختلف مکاتبِ فکر، سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں، تاجروں، نوجوانوں اور دانشور طبقہ کو زیادہ سے زیادہ شامل کیا جائے تاکہ باہمی مشاورت اور اشتراکِ عمل کے ذریعے معاشرہ کے مسائل کے حل کی سنجیدہ کوششیں کی جاسکیں۔ اس موقع پر مسجد انتظامیہ کی جانب سے شرکاء کے لیے مشروبات کا نظم بھی کیا گیا، جس پر حاضرین نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ نشست کے اختتام پر آئندہ میٹنگ کی تاریخ 7 جون مقرر کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ نشست مزید وسیع پیمانے پر منعقد کی جائے گی۔ اس اہم نشست میں ڈاکٹر انصار، ابصار خان، ماسٹر شکیل، ماسٹر فیروز خان، ماسٹر سمیر، محمد عرفان، رفیق ٹھیکیدار، محسن، مشتاق ماسٹر، سلیم بھائی، محمد آصف، محمد مختار احمد، ندیم صاحب سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔