شیگاؤں ، جمعیۃ علماء ضلع بلڈانہ کا عظیم الشان تنظیمی و تربیتی اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 21, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے زیرِ اہتمام جمعیۃ علماء ضلع بلڈانہ کا ایک عظیم الشان اجلاسِ عام بعنوان “تنظیمی امور و تربیتی ورکشاپ” برائے معلمینِ مکاتب و اراکینِ جمعیۃ علماء، بروز جمعرات 21 مئی 2026 کو مسجد ابوبکر، زم زم نگر، کھام گاؤں روڈ شیگاؤں میں نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت معروف دینی و تنظیمی شخصیت مولانا مفتی حفیظ اللہ حفیظ قاسمی نے فرمائی، جبکہ خصوصی سرپرستی حافظ محمد عارف انصاری نے انجام دی۔
پروگرام کا آغاز مولانا عبدالرشید ندوی کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں صدارتی خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی حفیظ اللہ حفیظ قاسمی نے جمعیۃ علماء کی دینی، ملی اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالی اور تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط و فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مکاتبِ دینیہ کے معلمین کو مخاطب کرتے ہوئے ان کے معلمانہ، مربیانہ اور داعیانہ کردار کی اہمیت اجاگر کی۔
اس موقع پر محمد انیس الدین اشرفی پاتورڈوی نے اجلاس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کارکنان اور ذمہ داران سے تنظیمی استحکام کے لیے متحد ہوکر کام کرنے کی اپیل کی۔ بعدہٗ حافظ محمد عارف انصاری نے اپنے طویل تنظیمی تجربات کی روشنی میں نہایت قیمتی اور فکر انگیز گفتگو پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ اجلاس کی نظامت مفتی صبغۃ اللہ خان ندوی نے خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دی۔ اس اہم اجلاس میں مولانا صدیق پاتورڈوی، مولانا عباس خان اشرفی، مفتی عبد الرحمن اشرفی، سید احمد فروٹ مرچنٹ، شیخ عاصم خلیل اللہ، مفتی سید فیضان حسینی اور محمد عارف رسی والے سمیت ضلع بھر کے علماء، معلمینِ مکاتب، ذمہ دارانِ جمعیۃ اور محبینِ ملت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر مولانا محمود بیگ اشرفی کی رقت آمیز دعا کے ساتھ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا، جبکہ شرکاء نے اس تربیتی و تنظیمی نشست کو ملت اور دینی تعلیمی نظام کے استحکام کی جانب ایک مؤثر اور مثبت قدم قرار دیا ۔