بچہ زرعی زمین کے قریب کھیل رہا تھا کہ اچانک کھلے بورویل میں جا گرا۔ بچے کے گرنے کی خبر سنتے ہی افرادخاندان اور مقامی افراد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور انتظامیہ کو اطلاع دی۔ (منصف) ہوشیار پور: پنجاب کے ضلع ہوشیارپور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں تین سالہ بچہ کھیلتے ہوئے 25 فٹ گہرے بورویل میں گر گیا۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں ہلچل مچ گئی جبکہ بچے کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شام بچہ زرعی زمین کے قریب کھیل رہا تھا کہ اچانک کھلے بورویل میں جا گرا۔ بچے کے گرنے کی خبر سنتے ہی افرادخاندان اور مقامی افراد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور انتظامیہ کو اطلاع دی۔ ریسکیو ٹیموں میں فائر بریگیڈ، پولیس، این ڈی آر ایف اور دیگر امدادی اداروں کے عہدیدار شامل ہیں جو مسلسل بچے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق بچے کو نکالنے کے لیے متبادل راستہ بنانے کے لیے کھدائی کرنا اور ریمپ تیار کرنے جیسے مختلف تکنیکی طریقوں پر کام جاری ہے ڈپٹی کمشنر آشیکا جین نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں پوری محنت سے کام کر رہی ہیں اور بچے سے مسلسل رابطہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی جانب سے ردعمل ملنے پر ٹیموں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ بچے کی والدہ آشا نے بتایا آج شام تقریباً 4 بجے میرا بیٹا گُرکرن پانی کی بوتل لے کر کھیلنے باہر گیا تھا، اسی دوران وہ اچانک بورویل میں گر گیا۔ میری بس یہی دعا ہے کہ میرا بچہ صحیح سلامت واپس آجائے۔ واضح رہے کہ پنجاب کے دیہی اور نیم شہری علاقوں میں کھلے یا غیر محفوظ بورویل بچوں کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے بورویل کو مناسب طریقے سے بند رکھا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔