مراکش کی جانب سے ممتاز ہندوستانی شاعر، خان حسنین عاقب کا ’ثقافتِ امن‘ کے فروغ کے لیے عالمی اعزاز
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 20, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ہندوستان کے ادبی اور دانشور حلقوں کے لیے انتہائی مسرت اور فخر کا مقام ہے کہ ملک کے مایہ ناز شاعر، ادیب، مترجم اور ممتاز دانشور جناب خان حسنین عاقب کو مملکتِ مراکش کے معتبر عالمی ادارے 'انٹرنیشنل فورم فار کریٹیویٹی اینڈ ہیومینٹی" (المنتدى الدولي للإبداع والإنسانية)کی جانب سے باوقار'سرٹیفکیٹ آف میرٹ' (اعزازی سند) سے نوازا گیا ہے۔ یہ بین الاقوامی اعزاز جناب حسنین عاقب کی فن و ادب کے لیے عمر بھر کی خدمات، ان کے گراں قدر ثقافتی تعاون اور عالمی امن و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ان کی انتھک کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
مراکش میں باقاعدہ رجسٹریشن نمبر 43/2018 کے تحت درج یہ عالمی اعزاز فورم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے معروف ثقافتی سفیر ڈاکٹر محمد الحدید کی قیادت اور ڈاکٹر عزیز منتصر کی منظوری و تحسین کے ساتھ تفویض کیا گیا ہے۔
فورم کی جانب سے جاری کردہ آفیشل توصیف نامے (Citation) میں جناب حسنین عاقب کو ان الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے ، " فنی و ثقافتی تخلیقی ادب کے تئیں گہری وابستگی، شاندار و مؤثر خدمات اور دنیا میں امن و آشتی کی ثقافت کو فروغ دینے کی مخلصانہ کوششوں کے اعتراف میں ۔ " ادب اور ترجمے کی طاقت کے ذریعے جغرافیائی حدود کو مٹا کر دلوں کو جوڑنے والے خان حسنین عاقب طویل عرصے سے معاصر ہندوستانی ادب میں ایک معتبر اور توانا آواز تسلیم کیے جاتے ہیں۔
ان کو ملنے والا یہ تازہ ترین بین الاقوامی اعزاز اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ایک ایسے کثیر الثقافتی سفیر کے طور پر ابھرے ہیں جو اپنے قلم اور تحریر کو عالمی انسانیت، امن اور بقائے باہمی کے لیے وقف کر چکے ہیں۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جناب خان حسنین عاقب کا شمار ہندوستانی علمی و فکری منظرنامے کی چند مقتدر شخصیات میں ہوتا ہے۔ ایک ہمہ جہت تخلیق کار، شاعر، ماہر تعلیم اور مترجم کی حیثیت سے ان کا کام مختلف زبانوں اور اصناف پر محیط ہے جس میں وہ انسانیت، مشترکہ تہذیب اور سماجی یکجہتی جیسے پیچیدہ اور سنجیدہ موضوعات کو بڑی خوبصورتی سے قلمبند کرتے ہیں۔ اپنے وسیع تر تراجم کے ذریعے انہوں نے مختلف زبانوں کی ادبی روایات کو عام قارئین تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جس سے متنوع ثقافتوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو وسعت و گہرائی ملی ہے۔ مملکتِ مراکش کی جانب سے ملنے والا یہ بین الاقوامی اعتراف حسنین عاقب کے ادبی کام کی عالمی گونج کو ظاہر کرتا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سچی تخلیق اور امن کا پیغام کسی سرحد کا محتاج نہیں ہوتا۔
اس نمایاں عالمی کامیابی پر ہندوستان بھر کے ادیبوں، شعراء، دانشوروں اور ثقافتی تنظیموں نے جناب خان حسنین عاقب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔