ناندورہ ، ایس آئی او کی ‘محمد ﷺ سب کے لیے’ ملک گیر مہم کا آغاز
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 16, 2026
0
share
کھام گاؤں(واثق نوید) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) بلڈھانہ ضلع کی جانب سے ناندورہ میں واقع ایس آئی او دفتر میں ملک گیر مہم "محمد ﷺ سب کے لیے" کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آیا۔ یہ مہم 16 اگست سے 30 اگست 2026 تک جاری رہے گی، جس کا مقصد پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اعلیٰ اخلاق، انسانی خدمات اور آفاقی تعلیمات کو عوام تک پہنچانا ہے۔ مہم کے آغاز کے موقع پر مقررین نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ صرف جشنِ ولادت تک محدود نہیں بلکہ یہ حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ، کردار، تعلیمات اور انسانیت پر آپؐ کے گہرے اثرات کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے معاشرے کو عدل، مساوات، رحم دلی، اخوت اور انسانی وقار کا ایسا پیغام دیا جو آج بھی دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ایس آئی او کے ذمہ داران کے مطابق اس مہم کے دوران ضلع بھر میں مختلف عوامی بیداری پروگرام، مذاکرے، نمائشیں، لٹریچر کی تقسیم، تعلیمی سرگرمیاں اور عوامی رابطہ مہمات منعقد کی جائیں گی۔ ان پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں، طلبہ اور عام شہریوں کو یہ جاننے کا موقع ملے گا کہ حضور اکرم ﷺ نے سماجی انصاف، تعلیم کے فروغ، خواتین کے حقوق، غریب و محروم طبقات کی فلاح، خاندانی نظام کے استحکام اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے کس طرح رہنمائی فراہم کی۔ ذمہ داران نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں معاشرہ اخلاقی زوال، سماجی انتشار، فرقہ واریت اور باہمی عدم اعتماد جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں پیغمبر اسلام ﷺ کی تعلیمات ایک پرامن، منصفانہ اور ہمدرد معاشرے کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ایس آئی او بلڈھانہ ضلع کے ضلعی صدر و زونل جوائنٹ سیکریٹری اطہر خان، مقامی صدر التمش خان، سیکریٹری زمام الحق، جماعتِ اسلامی ہند ناندورہ کے صدر کلیم خان اور سیکریٹری ذکر اللہ خان سمیت دیگر ذمہ داران و کارکنان موجود تھے۔ ایس آئی او بلڈھانہ ضلع نے طلبہ، دانشوروں، میڈیا نمائندگان، سماجی کارکنان اور تمام طبقاتِ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور انسانیت کے لیے آپؐ کی بے مثال خدمات کو سمجھنے اور عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔