لاکھن واڑہ ،غنی غازی کی نئی تصنیف ’’ذوقِ سخن‘‘ کی رسمِ رونمائی بیت بازی کے لیے الف سے ی تک تین ہزار تین سو اشعار کا منفرد گلدستہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 11, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) معروف صحافی، ادیب اور ماہرِ تعلیم غنی غازی کی نئی تصنیف ’’ذوقِ سخن‘‘ کی رسمِ رونمائی ان کے پوتوں محمد شہزان اور محمد یوشع کے ہاتھوں انجام پائی۔ کتاب میں بیت بازی کے لیے الف سے ی تک تقریباً تین ہزار تین سو منتخب اشعار یکجا کیے گئے ہیں، جو طلبہ و طالبات کے لیے ادبی ذوق کی آبیاری کے ساتھ ساتھ بیت بازی کے مقابلوں میں ایک مفید رہنما ثابت ہوں گے۔ غنی غازی شبِ نور اردو پرائمری اسکول، لشکریہ نور بانو ہائی اسکول اور محمد شریف جونیئر کالج، لاکھن واڑہ، ضلع بلڈھانہ کے بانی و صدر ہیں۔ ان کی ادبی و تعلیمی خدمات کا سلسلہ طویل عرصے پر محیط ہے۔ ’’ذوقِ سخن‘‘ سے قبل ان کی بارہ کتابیں منظرِ عام پر آچکی ہیں، جن میں بچوں کی کہانیاں، مراٹھی سے اردو تراجم، تعلیم و تدریس، تبصرے و تجزیے، افسانچے اور غیر افسانوی نثر پر مشتمل تصانیف شامل ہیں۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کبھی مقبول رہنے والی بیت بازی کی سرگرمی بتدریج معدوم ہوتی جارہی ہے۔ ایسے وقت میں ’’ذوقِ سخن‘‘ کی اشاعت اس ادبی و تعلیمی سرگرمی کے احیاء کی جانب ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم ہے۔ کتاب طلبہ و طالبات میں شعری ذوق، مطالعے کی عادت اور اردو زبان و ادب سے دلچسپی پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ رسمِ رونمائی کی تقریب میں ادارے کے جنرل سیکریٹری محمد ذی شان، پرنسپل محمد ذاکر حسین سمیت تدریسی و غیر تدریسی عملے کے اراکین اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شرکائے تقریب نے غنی غازی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے اردو ادب اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔