کھام گاؤں (واثق نوید) جلگاؤں جامود کے حاجی قائم پورہ کے رہائشی سید شکیل کے فرزند سید عبدالرحمن احواد نے قومی سطح کی پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کی اس کامیابی سے جلگاؤں جامود سمیت ضلع بلڈھانہ کا نام قومی سطح پر روشن ہوا ہے۔
یونائیٹڈ پاور لفٹنگ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں 6 تا 9 اگست نیشنل کلاسک/ایکویپڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے میں سید عبدالرحمن/احواد نے 69 کلوگرام وزن کے زمرے میں حصہ لیا۔ مقابلے کے وقت ان کا جسمانی وزن 67.65 کلوگرام ریکارڈ کیا گیا، جبکہ انہوں نے 75 کلوگرام پاور لفٹنگ میں عمدہ مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
ان کی نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں یونائیٹڈ پاور لفٹنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے انہیں سرٹیفکیٹ آف میرٹ سے بھی نوازا گیا۔ قومی سطح پر اس شاندار کامیابی کے بعد سید عبدالرحمن/احواد کا ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کے لیے بھی انتخاب عمل میں آیا ہے، جس پر ان کے اہل خانہ، کوچز اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سید عبدالرحمن/احواد نے اپنی کامیابی کا سہرا جلگاؤں جامود کے لکی فٹنس جم کے سر باندھا اور اپنے کوچز و معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کی یہ کامیابی علاقے کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا قرار دی جا رہی ہے اور کھیلوں کے میدان میں جلگاؤں جامود کے لیے ایک اہم اعزاز تصور کی جارہی ہے۔


