کھام گاؤں (نمائندہ) کھام شہر کے برڈے پلاٹ میں واقع قدیم و وسیع وعریض قبرستان کمیٹی کے عہدیداران و اراکین کی ایک مشاورتی میٹنگ 23 جولائی کو منعقد ہوئی جس میں اتفاق رائے سے واثق نوید کو مسلم قبرستان کمیٹی کا صدر منتخب کیا گیا ۔
واضح رہے کہ شہر کے برڈے پلاٹ میں واقع مسلم قبرستان کی دیکھ بھال و حفاظت کے لئے شہر کے بزرگوں نے مسلم قبرستان سیوا کمیٹی کی بنیاد رکھی تھی ۔
جو گزشتہ کئی سالوں سے قبرستان کی دیکھ بھال کے علاؤہ تعمیراتی کام بھی انجام دیتے آئی ۔ جس کے لئے انہیں شہر کے مخیر حضرات کا تعاون بھی حاصل رہا ۔ مقامی رکن اسمبلی آکاش فونڈکر کے مالی فنڈ سے 7 ایکر وسیع قبرستان کے اطراف تقریباً 65 لاکھ مالیت کی حفاظتی دیوار تعمیر ، قبرستان کا روڈ ، قبرستان میں ہیمس لائٹ کا کام انجام دیئے ۔
پینے کے لئے ٹھنڈے پانی کا انتظام ، قبرستان کے لئے خصوصی بورینگ جیسے کام مسلم قبرستان کمیٹی نے انجام دیا ہے ۔ گزشتہ سال مسلم قبرستان کمیٹی کے صدر الحاج موثق اللہ خان کے انتقال ہو جانے کی وجہ سے صدر کا عہدہ خالی تھا ۔۔ اسی ضمن میں 23 جولائی کو بعد نماز عشاء رات دس بجے کچیان مسجد میں مسلم قبرستان کمیٹی کی مشاورتی میٹنگ منعقد کی گئی ۔
جسکی صدارت کمیٹی کے ذمہ دار و رکن بلدیہ الحاج ابراہیم خان سبحان خان نے فرمائی ، اس موقع پر کمیٹی کے سیکرٹری محمد ادریس جمعدار نے مٹینگ کا ایجنڈا پیش کرتے ہوئے صدارت کے عہدے کے لئے شہر کی معروف سماجی ، تعلیمی شخصیت صحافی واثق نوید کا نام پیش کیا جسے تمام عہدیداران و اراکین نے اپنی حمایت دیتے ہوئے واثق نوید کو اتفاق رائے سے صدر منتخب کرلیا۔
معلوم رہے کہ واثق نوید کئی سماجی ، ادبی تنظیموں سے جڑے ہوئے ہے ، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ریاستی جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر رہتے ہوئے اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہے ۔ فی الحال ضلع پریشد اردو مڈل اسکول اٹالی کے صدر مدرس کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔
واثق نوید سابق صدر مرحوم الحاج موثق اللہ خان کے فرزند ہے ۔ اس مشاورتی میٹنگ میں یہ بھی طے پایا ہے کہ قبرستان سے لگ کر جو غیر قانونی لے آؤٹ ڈالا جارہا ہے اسکے خلاف محکمہ جاتی و قانونی کاروائی کی جائے ۔
