پرتور (شریف خان): پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والے اندرا منوج بوراڈے ساکن سیلو، ضلع پربھنی کے خلاف پرتور کے مسلمانوں کی جانب سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں 10 جون 2025 کو تمام مسلم برادری کی جانب سے ایک تحریری شکایت نامہ (مراسلہ) پرتور کے سب ڈویژنل آفیسر کو پیش کیا گیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 9 جون 2025 کی شب تقریباً 9:30 بجے اندرا منوج بوراڈے نامی شخص نے "اوپو" کمپنی کے موبائل سے انسٹا گرام پر ایک انتہائی توہین آمیز اور دل آزاری پر مبنی پوسٹ شیئر کی، جس میں حضرت محمد ﷺ کے بارے میں قابل نفرت، غیر مہذب اور اشتعال انگیز الفاظ استعمال کیے گئے۔
اس حرکت سے نہ صرف مسلمانوں کے مذہبی جذبات شدید مجروح ہوئے بلکہ یہ پیغام معاشرتی ہم آہنگی کو بگاڑنے والا بھی ہے۔
شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ بیان کسی ایک مذہب کے مقدسات کی توہین نہیں بلکہ سماجی فضا کو پراگندہ کرنے اور ریاست مہاراشٹر جیسے پرامن علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی ایک ناپاک کوشش ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
اس موقع پر عقیل قاضی (سابق کونسلر)، ناصر چاؤس، قدیر قریشی، افتخار قاضی (سابق کونسلر)، رحیم قریشی (سابق کونسلر)، مظہر پٹیل، ایڈوکیٹ عاصم شیخ، معین قریشی (سابق کونسلر)، ایوب قریشی (سابق کونسلر)،حافظ انور ، سماجی کارکن رفیق قریشی، لال میاں باغبان، ستار سید، سید انور، شہنواز قریشی، افروز سوداگر، سلیم قاضی ،عبداللہ سر، اور دیگر۔تمام نمائندوں نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو اور معاشرے میں امن و امان برقرار رہے۔