محمد یٰسین اعظمی بال بھارتی اردو لسانی کمیٹی کے صدر مقرر اردو نصاب سازی میں مالیگاؤں کو نئی شناخت
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 07, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ریاست مہاراشٹر کے سرکاری نصاب ساز ادارے بال بھارتی پونہ کے اردو شعبہ کی لسانی کمیٹی نے معروف ماہر تعلیم محمد یٰسین اعظمی کو نیا صدر مقرر کیا ہے،
جو مالیگاوں شہر کے پہلے فرد ہیں جو اس اہم عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔ ان کی یہ تقرری ریاست میں اردو زبان کی تعلیمی ترقی کی سمت ایک تاریخی قدم قرار دی جا رہی ہے۔ یٰسین اعظمی گزشتہ کئی برسوں سے اردو لسانی کمیٹی سے وابستہ ہیں، جہاں انہوں نے نصابی کتابوں میں تخلیقی مشقیں اور تعلیمی مواد کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا شمار اردو کے سرگرم خادمین اور پُر مغز علمی خدمات انجام دینے والے افراد میں ہوتا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ہر دور میں مالیگاوں کے کئی افراد لسانی کمیٹی کا حصہ رہے ہیں اور اس وقت بھی کمیٹی میں ان کی نمائندگی موجود ہے، لیکن صدر کے منصب پر محمد یٰسین اعظمی کی تقرری ایک نئی مثال بن گئی ہے۔ اس تقرری کے پیچھے بال بھارتی کے اردو افسر خان نوید الحق خان کی دوراندیشی، صلاحیت شناسی اور اردو کے لیے جذبۂ خدمت کو بنیادی حیثیت حاصل رہی، جنہوں نے کمیٹی کے تمام اراکین سے مشورہ کے بعد اعظمی صاحب کا نام تجویز کیا، جسے ادارے کی منظوری بھی حاصل ہوئی۔ یٰسین اعظمی نے نئی تعلیمی پالیسی (NEP) کے تحت تیار کردہ جماعت اول کی اردو کتاب میں بھی اہم کردار ادا کیا، جسے تعلیمی حلقوں میں بہت سراہا گیا۔ ان کی اس تقرری کو اردو حلقوں، اساتذہ برادری اور تعلیمی اداروں کی جانب سے بے حد خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ تقرری نہ صرف مالیگاوں کے لیے باعثِ افتخار ہے بلکہ اردو زبان و تعلیم کے فروغ کے لیے نئی راہوں کی امید بھی بن چکی ہے۔