جلگاؤں: گرلز اسلامک آرگنائزیشن کی ’’پريرنا‘‘ مہم کے تحت یوم آزادی پر انسانی زنجیر کا انعقاد
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 15, 2025
0
share
جلگاؤں،(عقیل خان بیاولی) جماعت اسلامی ہند کی ذیلی تنظیم گرلز اسلامک آرگنائزیشن (جی آئی او) مہاراشٹر نارتھ زون نے بھارت کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنی مہم ’’پريرنا‘‘ کے تحت ایک شاندار انسانی زنجیر کا اہتمام کیا۔ پروگرام 15 اگست کو صبح 10:30 سے دوپہر 12 بجے تک شہر کے جی ایس میدان ،منعقد ہوا، جس میں تقریباً ڈیڑھ سو خواتین اور طالبات نے پرجوش شرکت کی۔ اس انسانی زنجیر کے ذریعے جی آئی او نے آزادی کے حقیقی مفہوم کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں ترنگے، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر پیغام دیا کہ آزادی صرف جسمانی آزادی تک محدود نہیں، بلکہ ذہنوں اور فکر کی آزادی بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ پلے کارڈز پر درج نعروں میں واضح کیا گیا کہ ’’آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جو ذمہ داری اور امانت کے ساتھ استعمال کی جانی چاہیے۔ یہ کوئی دل لگی یا من مانی کا نام نہیں۔‘‘مہم ’’پريرنا‘‘ کا آغاز 10 اگست کو ریڈہکراس سوسائٹی ہال، میں ایک پروقار لانچنگ پروگرام کے ساتھ ہوا تھا، جو 11 سے 17 اگست تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے تحت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جن میں انسانی زنجیر ایک اہم قدم ہے۔ اس موقع پر راہگیروں کے درمیان ’’پريرنا‘‘ کے فولڈرز تقسیم کیے گئے، جن میں آزادی کے تصورات اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ ہندی اور مراٹھی زبانوں میں اسلام کے تعارف پر مبنی کتابیں اور قرآن کی مفت کاپیاں بھی تقسیم کی گئیں، جو شرکاء اور راہگیروں کے لیے خصوصی کشش کا باعث بنیں۔ انسانی زنجیر کے دوران شرکاء نے نظم و ضبط اور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام کا اختتام شکریہ کی رسم اور دعا کے ساتھ ہوا، جس میں ملک کی ترقی، اتحاد اور امن کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ جی آئی او کی اس مہم نے نہ صرف مقامی شہریوں میں آزادی کے گہرے معنی کو اجاگر کیا بلکہ معاشرے میں ذمہ دارانہ شہریت کے پیغام کو بھی عام کیا۔ یہ پروگرام مسلم اور غیر مسلم کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی طرف ایک قدم ہے۔