کھام گاؤں ، محمد فرحان کریں گے بین الاقوامی سطح پر بھارت کی نمائندگی، شہر کو حاصل ہوا فخر کا لمحہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 26, 2025
0
share
کھام گراؤں (واثق نوید) کھام گاؤں کے نوجوان محمد فرحان نے اپنے غیر معمولی عزم و محنت سے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جس پر نہ صرف ان کے والدین بلکہ پورا شہر بجا طور پر ناز کرسکتا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ہونے والے ورلڈ کپ - بلغاریہ، یورپ کے لیے منتخب ہوکر بھارت کی نمائندگی کرنے کا موقع حاصل کرنا، محض ایک کامیابی نہیں بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔
فرحان، کڈو جیسے نسبتاً کم معروف لیکن سخت نظم و ضبط والے مارشل آرٹس کھیل میں مہارت حاصل کر کے، آج دنیا کے نقشے پر کھام گاؤں شہر کا نام روشن کرنے جا رہے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی ان نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے.
جو وسائل کی کمی کے باوجود خواب دیکھنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ فرحان، بردے پلاٹ کے ساکن اور سابق رکن بلدیہ جناب محمد نعیم صاحب کے فرزند ہیں، اور اس وقت باپو میاں سراج الدین پٹیل سینئر کالج، پیپل گاؤں کاڑے(سنگرام پور) میں بی اے سال دوم کے طالب علم ہیں۔ ایک عام گھرانے سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے اپنی محنت، لگن اور نظم و ضبط سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔
ان کی روانگی سے قبل 28 جون 2025 کو صحافی بھون، کھام گاؤں میں ایک باوقار استقبالیہ تقریب منعقد کی جا رہی ہے، جس میں کھام گاؤں ودھان سبھا کے رکن اسمبلی ،ریاستی وزیر محنت و ضلع اکولہ کے نگراں وزیر آکاش دادا فنڈکر بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے، جب کہ تحصیلدار سنیل پاٹل اور تعلقہ کھیل افسر لکشمی شنکر یادو کی بھی موجودگی رہے گی۔ یہ تقریب نہ صرف ایک کھلاڑی کو اعزاز دینے کی رسم ہے بلکہ شہر کی نوجوان نسل کے لیے ایک پیغام بھی ہے کہ کامیابی صرف خوابوں سے نہیں بلکہ مسلسل جدوجہد سے حاصل ہوتی ہے۔ کڈو اسوسی ایشن کھام گاؤں کی یہ پہل، صرف ایک تقریب نہیں بلکہ نوجوانوں کے خوابوں کو پر لگانے کا عمل ہے۔ اس موقع پر NBSII بلیک بیلٹ امتحان میں کامیاب طلباء کو بھی بیلٹس عطا کیے جائیں گے۔ فرحان کی کامیابی نہ صرف کھام گاؤں بلکہ پورے ودربھ خطے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی و پذیرائی حکومتی اور سماجی سطح پر مستقل بنیادوں پر کی جائے۔