مرحوم ندیم شیخ کے اہلِ خانہ کو مالی امداد دینے کا مطالبہ ایکتا سنگھٹنا نے آفاتی وزیر اور میونسپل کارپوریشن کو پیش کیا میمورنڈم
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 11, 2025
0
share
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) جلگاؤں شہر کے معروف مہرون تالاب میں 7 جون کو نہانے کے دوران غرق ہو کر جاں بحق ہونے والے 24 سالہ نوجوان ندیم شیخ انیس کے خاندان کو مالی امداد دینے کے مطالبے کو لے کر ایکتا سنگھٹنا کی جانب سے حکومت اور کارپوریشن کو میمورنڈم پیش کیا گیا۔
مرحوم ندیم شیخ اپنے گھر کا واحد کفیل تھا، جس کے سہارے ضعیف والدین اور کم عمر بہن بھائیوں کی کفالت ہوتی تھی۔ اس سانحے کے بعد خاندان شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے۔ ایکتا سنگھٹنا نے مطالبہ کیا کہ حکومت کے آفاتی انتظامیہ محکمہ کے تحت مرحوم کے اہلِ خانہ کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے۔
اس سلسلے میں ایکتا سنگھٹنا کے وفد نے آفاتی انتظامات کے وزیر گِریش مہاجن کے مقامی دفتر میں ان کے نجی معاون اُدے بھالے راؤ سے ملاقات کی، جب کہ میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر وٹھل گوسوامی سے بھی بذاتِ خود بات چیت کی گئی۔وفد کی قیادت مفتی خالد نے کی، جب کہ ان کے ہمراہ حافظ عبدالرحیم پٹیل، مولانا قاسم ندوی، فاروق شیخ، انیس شاہ، انور صیقلگر، عارف دیشمکھ، عمران شیخ، سعید شیخ، نجم الدین شیخ، مجاہد خان، الطاف منیار، شیخ نثار موسیٰ، جاوید شیخ، رزاق پٹیل، ہنزلہ خالد اور شاہر تیلی بھی موجود تھے۔ وفد نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ متاثرہ خاندان کو سہارا مل سکے۔