جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) ماہِ ربیع الاول کی نورانی ساعتوں میں، جب ہر سمت عشقِ مصطفیٰ ﷺ کے نغمے بکھر رہے ہیں،
ضلع جلگاؤں کے پاچورا شہر میں مسجد نور کے مقدس وادیوں میں ایک روح پرور اور بابرکت محفل سجائی گئی۔
اس محفل کی سب سے بڑی خوشبو یہ تھی کہ اردو ادب کے مایہ ناز قلمکار شکیل احمد سبحانی کی تازہ تصنیف “عشقِ رسول ﷺ اور امام احمد رضا” کا اجراء عمل میں آیا۔
تقریب کی صدارت نور مسجد کے خطیب و امام مولانا ذیشان رضا نے فرمائی، جب کہ شہر کے علمی و دینی حلقوں کے اکابرین ائمہ کرام اور معزز شخصیات بطور مہمان خصوصی موجود تھیں۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتیہ کلام سے ہوا جس نے فضا کو معطر کر دیا۔
ناصر خان نے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کتاب محض ایک ادبی تصنیف نہیں بلکہ عشقِ رسول ﷺ کے چراغ کو روشن کرنے والی ایک توشۂ ایمان ہے۔
شیخ جاوید رحیم نے کتاب اور مصنف کے علمی و سماجی خدمات پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکیل احمد سبحانی نے اپنے قلم کے ذریعے امام اہلِ سنت اعلیٰ حضرت احمد رضا خان فاضلِ بریلویؒ کی سیرت و تعلیمات کو جدید اسلوب میں زندہ جاوید کر دیا ہے۔
صدارتی خطاب میں مولانا ذیشان رضا نے ربیع الاول کی برکتوں پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا: "عشقِ رسول ﷺ ہی اصل ایمان ہے، اور امام احمد رضا قادریؒ کی پوری زندگی اسی عشق و وفا کی ترجمانی کرتی ہے۔
ان کی تصانیف میں عقیدت و شریعت دونوں کی خوشبو ہے، جو آج کے نوجوانوں کے لیے عملی نمونہ ہیں۔" انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہر گھر کو ذکرِ مصطفیٰ ﷺ سے روشن کیا جائے، قرآن خوانی، صدقہ و خیرات اور درود و سلام کو عام کیا جائے، تاکہ غلامیِ رسول ﷺ کا عملی ثبوت دنیا کو دکھایا جا سکے۔ مصنف شکیل احمد سبحانی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کتاب کو عام فہم زبان میں مرتب کیا گیا ہے تاکہ عشقِ رسول ﷺ کا پیغام ہر دل تک پہنچ سکے انہوں نے مزید کہا کہ امام احمد رضا قادریؒ کی شخصیت عشقِ رسول ﷺ کا مرقع ہے، ان کے اشعار اور تحریریں آج بھی دلوں میں ایمان کی حرارت پیدا کرتی ہیں۔
تقریب کے آخر میں دعا و صلوۃ و سلام کی گونج نے فضا کو معطر کر دیا۔ بزم میں شہر کی دینی، علمی، ادبی اور سماجی شخصیات کثیر تعداد میں شریک رہیں،
جن میں مولانا اکرام رضا، ارشد رضا، حاجی ناظم، ذاکر کھاٹک، ذکی کھاٹک، عبدالوہاب باغبان، جہانگیر پنجاری، ناصر شیخ، اسلم کھاٹک، شفیع الدین ٹھیکیدار، سلیم منیار، طارق سید، اور سلیم رنگریز کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔یہ تقریب اس حقیقت کی تجدید تھی کہ عشقِ رسول ﷺ کے بغیر ایمان مکمل نہیں، اور امام احمد رضاؒ کی حیاتِ طیّبہ اسی عشقِ رسول ﷺ کا تابندہ مینار ہے۔