قانونی رہنمائی سیمینار کامیابی سے ہم کنار ازقلم حافظ عقیل احمد ملی قاسمی ترجمان وفاق المدارس والمکاتب مالیگاؤں
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 18, 2025
0
share
الحمدللہ آج بروز اتوار مورخہ 17 اگست 2025 مطابق 22 صفر المظفر 1447 صبح 10 بجے سے حبیب لانس 80 فٹی روڈ مالیگاؤں میں ایک قانونی رہنمائی سیمینار برائے مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ وفاق المدارس والمکاتب مالیگاؤں کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا۔
جس کی صدارت شہر عزیز مالیگاؤں کے بزرگ عالم دین وفاق المدارس مالیگاؤں کے صدر محترم حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی دامت برکاتہم نے فرمائی جبکہ نظامت کے فرائض وفاق المکاتب کے جنرل سیکرٹری حضرت مولانا عمران اسجد ندوی نے انجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز رکن عاملہ وفاق المکاتب قاری شہزاد صاحب کی قرأت قرآن مجید سے ہوا جبکہ نعت پاک کا نذرانہ قاری توصیف صاحب عکرمی نے پیش کیا۔ بالکل ابتداء میں وفاق المدارس والمکاتب مالیگاؤں کے بانی و جنرل سیکرٹری حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی دامت برکاتہم نے اپنے خطاب میں کہا کہ مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ کو قانونی اعتبار سے مضبوط بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے مدارس اسلامیہ اور مکاتب دینیہ پر شکنجہ کسنے کی پوری تیاری کی جا رہی ہے آنے والا وقت مدارس و مکاتب کے لئے دشوار ہوگا اس لئے ہمیں ابھی سے اس سلسلے میں فکر مند ہونا چاہئے اور وفاق المدارس والمکاتب کے ذریعے شہر کے مدارس اور مکاتب کو تقویت بخشنے کی کوشش کرنی چاہئے بعد ازاں پروگرام کے سب سے اہم حصہ رہنمائی برائے رجسٹریشن کے سلسلے میں سابق اسسٹنٹ کمشنر محترم اخلاق احمد فضل الرحمن صاحب نے پیش کرتے ہوئے اطمینان بخش گفتگو فرمائی اور اخیر میں حاضرینِ مجلس کے سوالات کے جوابات اطمینان بخش طریقہ پر دئیے۔ اس کے بعد پروگرام کے دوسرے اہم حصہ مالیات کے سلسلے میں رہنمائی اس عنوان پر محترم ایڈوکیٹ سوربھ جین صاحب نے بہت ہی بہترین انداز میں رہنمائی پیش فرمائی اور حاضرینِ مجلس کو یہ سمجھایا کہ چندہ کس طرح کرنا چاہئے۔ اس کا ریکارڈ کس طرح رکھا جائے۔ خرچ کس طرح کرنا چاہئے۔ بل کس طرح حاصل کرنا چاہئے۔ اگر بل حاصل نہیں کر سکے تو اس کا حل کیا ہے۔ آن لائن آمد وخرچ کا قانونی طریقہ کار کیا ہے۔ رسید کتنے کی بنوانا چاہئیے۔ آڈیٹ کسے کہتے ہیں۔ سال کے اخیر میں گورنمنٹ کو حساب کس طرح دینا ہے۔ گورنمنٹ آفس میں میں سال کے اخیر میں حساب پیش کرنا کیوں ضروری ہے۔ اگر جمع نہ کروایا جائے تو اس کے نقصانات کیا ہیں وغیرہ وغیرہ۔ اس کے بعد پروگرام کے صدر محترم حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی صاحب نے خطبہ صدارت پیش کرتے ہوئے مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ کو مکمل طور پر قانونی راستہ اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کا سب سے اہم تقاضا ہے نیز آپ نے فرمایا کہ وفاق المدارس والمکاتب اپنے مقصد میں کامیاب ہے اور وہ برابر اہل مدارس اور مکاتب کی رہبری اور رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہا ہے اور آج کا پروگرام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے اور یہ پروگرام اپنے مقصد میں کامیاب ہے۔ اس کے بعد ایڈوکیٹ مومن مصدق صاحب نے مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ کو درپیش چیلنجز کا قانونی حل اس عنوان پر بہت ہی معلومات افزا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وقف بورڈ میں جانا چاہئے یا چیریٹی کمشنر میں جانا چاہئے یا ٹرسٹ ایکٹ کے تحت اپنے مدارس اور رجسٹریشن کروانا چاہئے اس سلسلے میں آپ نے کہا کہ سب سے محفوظ طریقہ وقف بورڈ میں رجسٹریشن کا ہے جسے اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے آپ کے فکر انگیز خطاب کو سننے کے بعد حاضرینِ مجلس کا یہ احساس تھا کہ ابھی ہمیں قانونی اعتبار سے بھی مضبوط ہونے کی ضرورت ہے اور وقت سے پہلے اسے مکمل کرلینا ہی دانشمندی ہے۔ بعد ازاں وفاق المدارس والمکاتب کی جانب سے چند اعلانات کئے گئے جو کہ درج ذیل ہیں۔ رجسٹریشن کے سلسلے میں جن مدارس اور مکاتب کو ضرورت ہے وہ وفاق سے رابطہ کریں اسی طرح آڈٹ کے سلسلے میں بھی وفاق کی طرف رجوع کیا جاسکتا ہے خدا نخواستہ اگر کسی مدرسہ یا مکتب میں کوئی قانونی نوٹس آتی ہے تو اس وقت بھی وفاق رہنمائی فراہم کرے گا اس کے علاوہ وفاق کے اگلے منصوبے اور پروگراموں کے بارے میں بھی حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی دامت برکاتہم نے کئی اہم باتوں کا اعلان کیا جس کو علیحدہ سے شائع کیا جائے گا ان شاءاللہ۔ اخیر میں وفاق المکاتب کے صدر محترم حضرت مولانا نعیم الظفر صاحب نعمانی ندوی دامت برکاتہم کی دعاء پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ اس سیمینار میں شہر عزیز مالیگاؤں کے مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ کے نظماء وصدور کے ساتھ ساتھ ذمہ داران کی ایک قابل لحاظ تعداد شریک رہی بطور خاص حضرت مولانا سراج احمد قاسمی حضرت مولانا ایوب صاحب قاسمی حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی حضرت مولانا عرفان الدین قاسمی صاحب حضرت مولانا عبد القیوم قاسمی صاحب حضرت مولانا امین الجبار صاحب حضرت مولانا آصف سلیم صاحب ندوی حضرت مولانا مفتی حسنین محفوظ نعمانی صاحب وغیرہ وغیرہ اور حاضرینِ مجلس کی جانب سے کئے جانے والے سوالات سے اندازہ ہوا کہ حاضرین نے بہت انہماک اور دلچسپی سے سنا اور پھر اپنے اشکالات پیش کئے یہ سیمینار اپنے مقصد کے لحاظ سے کامیاب اور مؤثر رہا۔ جاری کردہ صدر و اراکین وفاق المدارس والمکاتب مالیگاؤں۔