ناندورہ میں یوتھ موومنٹ کی جانب سے خون دینے کا انسانیت بھرا قدم ، 95 افراد نے دیا خون کا عطیہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 09, 2025
0
share
ناندورہ، (پریس ریلیز) مہاراشٹر: یوتھ موومنٹ آف مہاراشٹر، ناندورا یونٹ کی جانب سے محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے جشن ولادت(5ستمبر) کے موقع پر حسب روایت ایک شاندار اور انسانی خدمت پر مبنی خون عطیہ کیمپ بنام " انسانیت کا پیغام عام کرے، آؤ رکتدان کرے " کا انعقاد کیا گیا،
جس میں 95 افراد نے انسانیت کی فلاح کی خاطر خون کا عطیہ کر کے انسانی زندگیوں کو بچانے کی ایک مثال قائم کی۔ کیمپ کا افتتاح ناندورہ کے پولیس سب انسپیکٹر (PSI) جیونت ساتو سر کے ہاتھوں کیا گیا، جنہوں نے نوجوانوں کی اس مثبت کاوش کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ نوجوانوں کا اس طرح کا جذبہ معاشرے کے لئے مشعل راہ ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند ناندورہ کے امیر مقامی،کلیم خان سر نے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور آپ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر جیسوال سر اور PSI جیونت ساتو صاحب نے خون دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ اقدام نہ صرف زندگیوں کو بچانے میں مددگار ہے بلکہ معاشرتی یکجہتی کا پیغام بھی دیتا ہے۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں مبشراللہ خان، صدر یوتھ موومنٹ آف مہاراشٹر یونٹ ناندورہ اور ضلعی صدر عمیر عزیز نے بھرپور کوششیں کیں۔ ان کی قیادت میں نوجوانوں کی ٹیم نے بہترین انتظامات فراہم کیے اور ہر مرحلے پر سرگرمی سے کام کیا۔ ابتدائی پروگرام کی نظامت محسن خان نے بخوبی انجام دی ۔ اس کے علاوہ جماعت اسلامی ہند (JIH) ناندورہ اور اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (SIO) ناندورہ نے بھی تعاون فراہم کیا، جس کی بدولت یہ پروگرام نہایت کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ یہ بلڈ ڈونیشن کیمپ نہ صرف انسانی زندگیوں کی حفاظت کا ذریعہ بنا بلکہ معاشرے میں خدمت، اتحاد اور بھائی چارے کا ایک زبردست پیغام بھی دیا۔ شرکاء نے کہا کہ ایسا اقدام نوجوانوں کی اجتماعی قوت اور مثبت سوچ کا بہترین نمونہ ہے، اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرے کی بہتری کے لئے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔