ناگپور: قادر یہ ہائی اسکول میں سیرت النبی ﷺ اور یومِ اساتذہ کی پُروقار تقریب
Author -
personحاجی شاھد انجم
ستمبر 04, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) قادر یہ ہائی اسکول حسن باغ ناگپور ، میں سیرت النبی ﷺ اور یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک شاندار و پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔
جس سے فضا ایمان افروز ماحول میں ڈھل گئی۔ نظامت کے فرائض معلمہ صبا نکہت نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ اس موقع پر طلبہ نے حضور اکرم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ، عدل و انصاف اور علم کی اہمیت پر پُراثر تقاریر پیش کیں۔
اساتذہ نے بھی اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور کے مسائل کا واحد حل سیرتِ طیبہ ﷺ پر عمل پیرا ہونا ہے۔ یومِ اساتذہ کے تحت طلبہ نے اپنے اساتذہ کے احترام اور ان کی عظمت کو اجاگر کرنے کے لیے تقاریر، نظمیں، ڈرامے اور مکالمے پیش کیے جنہیں حاضرین نے بےحد سراہا۔
تقریب کی صدارت صدرمدرس اشتیاق احمد نے کی، جبکہ نیاز احمد نیاز مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ صدارتی خطاب میں صدرمدرس نے کہا کہ “استاد چراغ کی مانند ہے جو نئی نسل کو روشنی اور راہنمائی فراہم کرتا ہے”۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اساتذہ کا احترام کریں اور ان کی رہنمائی پر عمل پیرا رہیں۔ پروگرام کے اختتام پر فعال و متحرک مدرس کاشف ابراہیم خان نے شکریہ ادا کیا اور دعا پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔