جلگاؤں جامود ، سیرت النبی ﷺ اور اصلاحِ معاشرہ کے عنوان سے جمعیۃ علماء ہند (ارشد مدنی) کا اجلاس منعقد
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 31, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) جمعیۃ علماء ہند ( ارشد مدنی) کے دستورِ اساسی کے تحت جلگاؤں جامود کے مکتب توکل علی اللہ تاج نگر میں جمعیۃ علماء ضلع بلڈانہ کی چھ تحصیلوں کا پہلا اجلاس نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔
اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کو مستحکم کرنے، اصلاحِ معاشرہ اور مکاتبِ دینیہ کی اہمیت جیسے موضوعات پر علما و ذمے داران نے تفصیلی گفتگو فرمائی۔
یہ اجلاس 6 ربیع الاول 1447ھ مطابق 30 اگست 2025ء، بروز سنیچر کو صبح 10 بجے تا 1 بجے تک منعقد ہوا۔ صدارت مولانا مفتی محمد انیس الدین اشرفی پاتورڈوی (صدر جمعیۃ علماء ضلع بلڈانہ) نے کی۔ اجلاس کا آغاز حافظ محمد مجاہد یوسفی (ناظم جامعہ دارالسعادہ آلیواڑی) کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، بعدہٗ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ حافظ عابد حسینی نے پیش کی۔ ابتدائی بیانات میں مولانا مفتی سید عبد الرحمن پاتورڈا (نائب صدر ضلع) نے "جمعیۃ علماء: تعارف و خدمات" پر روشنی ڈالی، حافظ محمد وقار (جنرل سکریٹری ضلع) نے تنظیمی رہنمائی پیش کی اور مولانا عباس خان اشرفی (نائب صدر ضلع) نے "اصلاحِ معاشرہ" پر مدلل و پُرمغز خطاب فرمایا۔ کلیدی خطاب مولانا مفتی محمد انیس الدین اشرفی پاتورڈوی نے فرمایا، جس میں انہوں نے سیرۃ النبی ﷺ کی روشنی میں مکاتبِ دینیہ کی ضرورت و اہمیت اور معلمین کی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ اجلاس کا اختتام مولانا محمد انیس اشرفی کھام گاؤں (صدر جمعیۃ علماء تحصیل کھام گاؤں) کی دعا پر ہوا۔ اجلاس میں ضلع بلڈانہ کی چھ تحصیلوں — ملکا پور، ناندورہ، کھام گاؤں، شیگاؤں، سنگرام پور اور جلگاؤں جامود — کے اراکین شریک ہوئے۔ نمایاں شرکاء میں مولانا عبدالرشید ندوی، مولانا نعمت اللہ خان، مفتی صبغۃ اللہ خان، مولانا صدیق اشرفی، قاری ذبیح اللہ خان، مفتی فیضان حسینی، واثق نوید، محمد انیس جمعدار اور محمد عاصم امینی شامل تھے۔ مزید برآں، جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے زیرِ نگرانی ضلع میں جاری 12 مکاتبِ دینیہ کے معلمین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ آخر میں شرکاء کی ضیافت کا اہتمام مولانا عباس خان اشرفی (نائب صدر ضلع) نے کیا۔